اپوزیشن چیف الیکشن کمشنر کے حکومتی امیدوار کی حمایت پر مشروط آمادہ

ویب ڈیسک  جمعـء 13 دسمبر 2019
حکومت کے پاس الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کا آخری موقع ہے، اپوزیشن فوٹو:فائل

حکومت کے پاس الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کا آخری موقع ہے، اپوزیشن فوٹو:فائل

 اسلام آباد: اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے حکومتی امیدوار کی مشروط حمایت پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے پاس الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کا مسئلہ حل کرنے کا آخری موقع ہے۔

چیف الیکشن کمشنر اور دو ارکان کی تقرری کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت حکومت اور اپوزیشن کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن بدستور اپنے مطالبات پر قائم ہے اور حکومت نے اپوزیشن سے لچک دکھانے کی درخواست کی ہے۔

اپوزیشن نے دو الیکشن کمیشن ارکان کی حمایت کے بدلے چیف الیکشن کمشنر کے حکومتی امیدوار حمایت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ دو ممبران کا تقرر ہمارے مشورے پرکریں، اگر یہ بات تسلیم کی گئی تو چیف الیکشن کمشنر پر حکومتی امیدوار کی حمایت کریں گے۔

علاوہ ازیں اکرم درانی کی زیرصدارت رہبر کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور 2 ممبران کی تقرری سے متعلق معاملہ پر غور کیا گیا، تینوں حکام کی تقرری کا فیصلہ ایک ساتھ کرنے پر اتفاق ہوا ہے، گزشتہ انتخابات میں عوام کا الیکشن کمیشن کا اعتماد خراب ہوا، ہم نے الیکشن کمیشن کا اعتماد بحال کرنا ہے اور اپوزیشن نے اچھی شہرت کے حامل افراد کے نام دیے ہیں۔

اکرم درانی نے کہا کوشش ہے یہ معاملہ پارلیمنٹ حل کرے، حکومت مایوسی کا شکار ہے اور اتنی نااہل ہے کہ خود معاملہ حل نہیں کرپارہی اور کسی بھی بات پر اتفاق رائے پیدا نہیں کر پارہی، اس کے پاس آخری موقع ہے وہ الیکشن کمیشن کا معاملہ حل کرلے۔

احسن اقبال نے کہا کہ تین سال پہلے سے پتہ تھا کہ چیف الیکشن کمشنرریٹائر ہونے والے ہیں، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت پہلے ہی ہوجانی چاہیے تھی، حکومت نے الیکشن کمیشن کے دوممبران کی تقرری کے حوالے سے غیر آئینی کام کیا اور آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔

ترجمان عوامی نیشنل پارٹی زاہد خان نے بیان میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے حکومت کے نامزد کردہ نام متنازع ہیں، حکومت کو چاہیے کہ چیف الیکشن کمشنر کے لیے اپوزیشن کے تجویز کردہ ناموں پر اتفاق کرے، ہم حکومت کے نام پر اعتماد نہیں کر سکتے، حکومت چیف الیکشن کمشنر کے لئے تجویز کردہ چند ناموں کی پشت پناہی کر رہی ہے، کسی صورت میں ایسے متنازع افراد کو چیف الیکشن کمشنر تعینات نہیں ہونا چاہیے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔