مسلم مخالف متنازع بل پر جاپانی وزیراعظم نے بھارتی دورہ ملتوی کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 13 دسمبر 2019
جاپانی وزیراعظم کو 3 روزہ دورے پر 15 دسمبر کو بھارت پہنچنا تھا، فوٹو: فائل

جاپانی وزیراعظم کو 3 روزہ دورے پر 15 دسمبر کو بھارت پہنچنا تھا، فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارت میں مسلم مخالف شہریت بل پر جاری ہنگامہ آرائیوں کی وجہ سے جاپانی وزیراعظم  شنزو آبے کا دورہ ملتوی کردیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپانی وزیراعظم کا 3 روزہ دورہ بھارت کا دورہ ملتوی کردیا گیا ہے، جاپانی وزیراعظم کو اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ریاست آسام کے سب سے بڑے تجارتی اور ترقی یافتہ شہر گوہاٹی میں ملاقات کرنا تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: مسلم مخالف بل پاس ہونے پر آسام میں احتجاج، 2 افراد ہلاک اوردرجنوں زخمی

جاپانی وزیراعظم شنزوآبے 15 سے 17 دسمبر تک کے 3 روزہ دورے پر بھارت آنا تھا تاہم گوہاٹی میں مسلم مخالف متنازع بل پر ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں جن میں درجن سے زائد شہری ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔ فوج طلبی کے باوجود حالات قابو میں نہیں آسکے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ بھارتی راجیہ سبھا سے بھی مسلم مخالف متنازع بل منظور، آسام میں فوج طلب

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ دونوں ممالک کے حکام کی باہمی مشاورت اور اتفاق کے بعد جاپانی وزیراعظم کا تین روزہ دورہ ملتوی کردیا گیا ہے اور جلد ہی اتفاق رائے سے نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔