افغانستان میں مسافر بس بم دھماکے میں تباہ، بچوں سمیت 10 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 13 دسمبر 2019
بس کو سڑک کنارے نصب بم کی مدد سے اُڑادیا گیا، فوٹو : فائل

بس کو سڑک کنارے نصب بم کی مدد سے اُڑادیا گیا، فوٹو : فائل

غزنی: افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں ایک مسافر بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے غزنی میں دائکنڈی سے آنے والی مسافر بس کو سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم سے اُڑادیا گیا، واقعہ جغتو صوبے میں پیش آیا۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرلیا۔

ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے  ہوئے ہلاک ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 4 بچوں سمیت تمام 10 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں  خواتین بھی شامل ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: افغانستان میں امریکی ایئربیس پر خود کش حملہ اور مسلح افراد کی فائرنگ

ادھر صدر اشرف غنی کے ترجمان صدیق صدیقی نے اپنی ٹویٹ میں 10 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بم دھماکے کی ذمہ داری طالبان پر عائد کی ہے۔ دوسری جانب طالبان کی جانب سے تاحال حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ تین ماہ کی معطلی کے بعد امریکا اور طالبان کے درمیان افغان امن مذاکرات دوبارہ بحال ہوگئے ہیں تاہم امن و امان کی صورت حال تاحال ناگفتہ بہ ہے جس میں زیادہ تر معصوم شہری مارے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔