وزیراعظم انصاف فراہم کریں، بیوہ مقتول سائنسدان

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 14 دسمبر 2019
شوہرفیصل اوربیٹے کے قتل کی تحقیق کرنیوالے3افسران کاتبادلہ کردیاگیا،آسیہ عثمانی
فوٹو:فائل

شوہرفیصل اوربیٹے کے قتل کی تحقیق کرنیوالے3افسران کاتبادلہ کردیاگیا،آسیہ عثمانی فوٹو:فائل

کراچی:  ڈیفنس میں2 ماہ قبل قتل کیے جانیوالے نوجوان کی والدہ اور سائنسدان فیصل عثمانی کی بیوہ آسیہ عثمانی نے وزیراعظم عمران خان سے انصاف فراہم کرنے کامطالبہ کیا ہے۔

آسیہ عثمانی نے پریس کلب میں وکیل ملک مظہرکھوکھرکے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پولیس نے ان کے گھر کو سیل کردیا تھا لیکن اس کے باوجود ان کی پراپرٹی سمیت دیگراہم دستاویزات غائب ہوگئی ہیں۔

مقتول شوہر ایک سائنسدان اور نیوکلیئراسپیشلسٹ جبکہ بیٹا امریکا سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے لوٹا تھا، مجھے اتنا تو بتایا جائے شوہراوربیٹے کوکیوں قتل کیاگیا اور اس کی وجہ کیا تھی، انھوں نے بتایاکہ ایک ہفتے قبل دھمکی آمیزکالیں موصول ہوئی ہیں فون کرنیوالا کہتا ہے کہ ہم سے بات کرو اور پھر گالیاں بکتاہے، دھمکی آمیز کالیں موبائل نمبرسے موصول ہوئیں جن سے متعلق پولیس کوآگاہ کردیا ہے مگر اس کے باوجود پولیس کی جانب سے مجھے تحفظ فراہم نہیں کیا جارہا ہے۔

مجھے میراحق اور انصاف چاہیے، آسیہ عثمانی نے بتایا کہ ہمارے گھرمیں سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں ہیں لیکن علاقے میں  سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں، پولیس افسران نے قاتلوں کے قریب پہنچنے کا دعوی کیا تھا لیکن تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہوئی بلکہ کیس کی تحقیقات کرنے والے تینوں پولیس افسران کاپراسرار انداز میں تبادلہ کردیاگیا ہے۔

پولیس کے پاس میرے مقتول بیٹے کالیپ ٹاپ آئی فون سب جمع ہیں، میرا دعویٰ ہے کہ اس سب میں پولیس ملوث ہے، میں نے خود فنگر پرنٹ دیکھا تھا جسے مٹادیاگیا، ابھی تک ہرچیز پرپردے ڈالے جارہے ہیں، پولیس کی تحقیقات میں آج تک کچھ سامنے نہیں آسکاہے، وزیراعظم انصاف فراہم کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔