بنگلہ دیش پریمیئر لیگ؛ ’’مشکوک نوبال‘‘ پر حکام کے کان کھڑے ہوگئے

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 14 دسمبر 2019
ٹیم میں شمولیت اسپانسر کے دباؤ پرہونے کاانکشاف،بورڈ کا تبصرے سے گریز
۔ فوٹو:فائل

ٹیم میں شمولیت اسپانسر کے دباؤ پرہونے کاانکشاف،بورڈ کا تبصرے سے گریز ۔ فوٹو:فائل

ڈھاکا:  بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ’’ مشکوک نوبال‘‘ نے حکام کے کان کھڑے کر دیے سلہٹ تھنڈر نے ویسٹ انڈین فاسٹ بولرکرشمار سنتوکی کیخلاف مشتبہ بولنگ کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کرشمار سنتوکی نے گذشتہ دن چٹوگرام سے  میچ میں ایک ہی اوور میں وائیڈ اور پھر تاریخ کی بدترین ’ نوبال ‘ کرکے شائقین کو حیرت میں ڈال دیا تھا، سلہٹ کے ڈائریکٹر تنزیل چوہدری نے بورڈ سے اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ خود بی سی بی کے ڈائریکٹر ہیں، انھوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ نوبال مشتبہ تھی، اگرچہ ابھی تک بورڈ نے سنتوکی سے جواب طلبی نہیں کی لیکن میں نے اپنی شکایت درج کرا دی ہے، چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری اوراینٹی کرپشن ہیڈ مرشد سے زبانی درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے کی جانچ کریں، ہم بورڈ ڈائریکٹرز حتمی الیون کے چناؤ میں کچھ نہیں کرسکتے، یہ ٹیم انتظامیہ اور کوچ پر منحصر ہوتا ہے۔

تاہم میں نے اسپانسرز کو ٹیم کے انتخاب میں رائے دینے پر تنبیہ کی تھی، رپورٹ کے مطابق سنتوکی کو سلہٹ کی ٹیم میں شامل کرانے کیلیے اسپانسر جیوانی فٹ ویئرکمپنی نے بھی اثرورسوخ استعمال کیا تھا،17 نومبر کو پلیئرز ڈرافٹ کے موقع پر تنزیل اور ٹیم ایڈوائزر سرور عمران نے اسپانسر کے نمائندگان سے پلیئرزکے چناؤ پر بحث بھی کی تھی۔

وہ چند پلیئرز کو لازمی منتخب کرنے پر زور دے رہے تھے،تنزیل نے مزید بتایا کہ ہمارے پاس نعیم شیخ اور دیگر پلیئرز کو لینے کا موقع تھا لیکن اسپانسر نے سوہاگ غازی اور سنتوکی جیسے پلیئرز کو لینے پر اصرار کیا تھا، اسی وجہ سے ہمیں اس پر زیادہ شبہ ہے۔دوسری جانب بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری نے کہاکہ ہم عوامی سطح پر کوئی رائے نہیں دینے چاہتے کیونکہ یہ معاملہ ابھی ابتدائی سطح پر ہے، ہم نے فکسنگ کے سدباب کیلیے کئی اقدامات کیے جس میں ہر ٹیم کے ساتھ اینٹی کرپشن آفیسر کی تعیناتی بھی شامل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔