پی آئی سی واقعہ؛ قانون کے رکھوالوں نے قانون کو پیروں تلے روندا، فردوس عاشق

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 دسمبر 2019

پولیو ویکسین کے قطرے صحتمند پاکستان کی ضمانت ہیں، فردوس عاشق: فوٹو: فائل

پولیو ویکسین کے قطرے صحتمند پاکستان کی ضمانت ہیں، فردوس عاشق: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پی آئی سی حملے کا واقعہ افسوسناک تھا اور قانون کے رکھوالوں نے قانون کو پیروں تلے روندا ہے۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنے مفاد کا درد ہے، وزیراعظم کے حوالے سے ڈیڈ لائن دینا ان کی منفی سوچ کی عکاسی ہے، مولانا فضل الرحمان اپنے مشن میں ناکام ہوگئے،سیاسی یتیموں کا ٹولہ سیاسی محاذ پر زندہ رہنے کے لئے چٹکلا چھوڑتا رہتا ہے، جنہیں عوام نے مسترد کردیا وہ حکومت گرانے کی باتیں کرتے ہیں، اپوزیشن کو عمران خان سے بغض یہ ہے کہ عمران خان انکی عیاشیوں کی راہ میں رکاوٹ ہے، اقتدار کے لئے یہ لوگ ایسے تڑپ رہے ہیں جیسے مچھلی بغیر پانی کے تڑپتی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے معیشت کو پٹری سے اتاردیاتھا لیکن عمران خان کی قیادت میں معیشت بہتری کی جانب گامزن ہوئی، عالمی سطح پر معیشت سے متعلق مثبت خبریں آرہی ہیں۔

مریم اورنگزیب پر تنقید کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ (ن) لیگی خاتون ترجمان منفی دعووں کو ثابت کرنے پر تلی ہوئی ہیں، لاعلمی کی بنیاد پر مسلم لیگی ترجمان کی طرف سے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ نواز شریف کو عدالت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ضمانت دی، وہ بیرون ملک گئے تو ان کے بیمار چہرے کو بھی عوام نے دیکھ لیا، سیاسی قیدی کے خلاف نیب میں انکوائریاں چل رہی ہیں،سیاسی قیدی کے لیے خصوصی طیارہ استعمال کیا گیا۔

پی آئی سی حملے کے حوالے سے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قانون کے محافظوں نے بدقسمتی سے قانون کو ہاتھوں میں لیا، قانون کے رکھوالوں نے قانون کو پیروں تلے روندا پی آئی سی  حملے  کا واقعہ افسوسناک تھا، اس کی کسی مہذب معاشرے میں گنجائش نہیں، کالے کوٹ والوں نے اپنے بازو سے قانون کو چیلنج کیا،حکومت قانون کے مطابق  ذمہ داران  کے خلاف کارروائی کرے گی، اسپتال میں ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے تحفظ کے لیے قانون لانے کا فیصلہ کیاہے، 24 گھنٹے میں اسپتال کی تعمیر کرکے فعال کیا جارہا ہے، اس طرح کے واقعات سے نمٹنے کیلئے اسمبلی میں بل لایا جارہاہے۔

اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک کو پولیو سے نجات دلانے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔ ہم سب ایک صحت مند پاکستان کیلئے یکجان اور پرعزم ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ انسدادِ پولیو مہم کے ذریعےاس موذی مرض پر قابو پانے میں کردار ادا کریں اورمعاشرے کو صحتمند بنائیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بچوں کوپولیو کے قطرے پلانا اشد ضروری ہے۔ اس ضمن میں عوام میں مزید آگاہی اور شعور بیدار کیا جا رہا ہے۔ پولیو ویکسین کے قطرے صحتمند پاکستان کی ضمانت ہیں۔ اُن پولیو ورکرزکو سلام پیش کرتے ہیں جو شدت پسندوں کے ہاتھوں نشانہ بننے کے باوجود اپنے فرائض تندہی سے انجام دے رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔