رواں برس شادی کے بندھن میں بندھنے والی مشہور شخصیات

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 دسمبر 2019
رواں سال بہت سے فنکاروں اور مشہور شخصیات شادی کے بندھن میں بندھیں فوٹوفائل

رواں سال بہت سے فنکاروں اور مشہور شخصیات شادی کے بندھن میں بندھیں فوٹوفائل

سال 2019 کچھ حسین اور غمگین یادوں کے ساتھ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ اس برس جہاں دنیا میں بہت کچھ ہوا وہیں شوبز کی دنیا میں بھی بہت تبدیلیاں آئیں۔ کچھ فنکاروں کی قسمت آپس میں جڑی جب کہ کچھ لوگوں نے اپنی راہیں ایک دوسرے سے جدا کرلیں۔ آئیے دیکھتے ہیں رواں برس پاکستان کی کون سی مشہور شخصیات شادی کے بندھن میں بندھیں۔

ایمان علی

فلم ’’خدا کے لیے‘‘، ’’بول‘‘ اور ’’ماہ میر‘‘جیسی سپر ہٹ فلموں میں اپنی اداکاری کا جادو دکھانے والی پاکستان کی نامور ماڈل و اداکارہ ایمان علی رواں برس فروری میں پیادیس سدھار گئیں۔

ایمان علی کی شادی کی ہر تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر کئی دن تک وائرل رہیں جب کہ ان کے پرستاروں نے ایمان علی اور ان کے شوہربابر بھٹی کو نئی زندگی کی ڈھیروں دعائیں دیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ماہرہ خان ایشیا کی 5 پرکشش ترین خواتین میں شامل

اداکارہ انجمن

پاکستان فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ انجمن نے رواں برس جون میں 64 سال کی عمر  میں سابق فلم پروڈیوسر اور بزنس مین وسیم لکی علی کے ساتھ شادی کرکے سب کو حیران کردیا۔ تاہم اداکارہ انجمن نے دھوم دھام سے شادی کرنے کے بجائے چند قریبی عزیزوں اور دوستوں کی موجودگی میں سادگی سے شادی کرنے کو ترجیح دی۔

ناہید شبیر

ٹی وی کی معروف اداکارہ ناہید شبیر بھی رواں برس اگست میں سابق پروڈیوسر نومی خان کے ساتھ شادی کےبندھن میں بندھ گئیں۔ اداکارہ ناہید شبیر اور ان کے شوہر نومی  کی یہ دوسری شادی تھی ۔ ناہید شبیر کی شادی کا بھی سوشل میڈیا پر خوب چرچا رہا۔

حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور

سابق اداکار حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور کی شادی ان کے مداحوں کے لیے کافی حیران کن تھی کیونکہ شادی سے قبل ان کے مداحوں کو اندازہ نہیں تھا کہ دونوں یوں اچانک شادی کرلیں گے تاہم حمزہ علی عباسی نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا۔ حمزہ اور نیمل رواں سال اگست کی 25 تاریخ کو شادی کے بندھن میں بندھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  پاکستانی 2019 میں گوگل پر کیا سرچ کرتے رہے

دونوں نے شادی کی تقریبات دھوم دھام سے کرنے کے بجائے قریبی عزیزوں کی موجودگی میں سادگی سے شادی کی۔ جب کہ نیمل خاور اپنےنکاح کے دن اپنی والدہ کا پرانا لباس پہننے کے باعث بھی سوشل میڈیا پر چھائی رہیں۔ دونوں کی اچانک شادی نے پاکستانیوں کو اتنا حیران کردیا کہ پاکستانی عوام پورا سال بس نیمل خاور کو ہی گوگل پر سرچ کرتی رہی اور اسی وجہ سے وہ رواں سال گوگل پر سرچ کی جانےو الی پہلی پاکستانی شخصیت بن گئیں۔

حسن علی

حمزہ علی عباسی کے علاوہ قومی کرکٹر حسن علی کی بھارتی لڑکی سامعہ آرزو کے ساتھ شادی کی خبریں میڈیا پر چھائی رہیں۔ دونوں اگست کے مہینے میں شادی کے بندھن میں بندھے جب کہ نکاح کی تقریب دبئی میں منعقد کی گئی۔ حسن علی کے دوست شاداب خان کے علاوہ قریبی عزیز ،  دوست اور سوشل میڈیا کے ذریعے  پورا پاکستان ان کی خوشیوں میں شریک رہا اور دونوں کی آنے والی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

عماد وسیم

اگست میں ہی ایک اور کرکٹر عماد وسیم بھی برطانوی نژاد پاکستانی خاتون ثانیہ اشفاق کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ دونوں کے نکاح کی تقریب اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد میں منعقد ہوئی۔

صنم چوہدری

رواں سال شادی کے بندھن میں بندھنے والے فنکاروں میں اداکارہ صنم چوہدری بھی شامل تھیں جنہوں نے نومبر میں سوشل میڈیا پر اپنے نکاح کی تصاویر شیئر کرکے اپنی شادی کا اعلان کیا۔ صنم چوہدری نے گلوکار سومی چوہان کو اپنا جیون ساتھی چنا ہے ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں شادی کے بعد امریکا شفٹ ہوگئے ہیں۔

زینب عباس

نومبر کے مہینے میں ہی پاکستان کی معروف اسپورٹس اینکرزینب عباس حمزہ کاردار کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ دونوں کی شادی لاہور میں خوب دھوم دھام سے ہوئی جب کہ زینب عباس کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔

میرا سیٹھی

سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی بیٹی اور اداکارہ میرا سیٹھی بھی رواں سال اپنے قریبی دوست بلال صدیقی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ میرا سیٹھی نے سوشل میڈیا پر سادگی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شادی پر اپنا میک اپ خود کیا اوربال بھی خود ہی بنائے تھے۔ میرا سیٹھی کے اس عمل پر انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی سراہا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔