یوا ے ای میں پارک کے واش روم سے لاوارث نوزائیدہ بچہ برآمد

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 دسمبر 2019
بظاہر بچہ ایشیائی لگتا ہے جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، فوٹو: اماراتی میڈیا

بظاہر بچہ ایشیائی لگتا ہے جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، فوٹو: اماراتی میڈیا

ابو ظہبی: متحدہ عرب عمارات کی ایک عوامی تفریح گاہ کے خواتین واش روم سے لاوارث نوزائیدہ بچہ ملنے پر شہریوں میں تشویش کی لہردوڑ گئی۔

اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست ابو ظہبی کے دوسرے بڑے شہر العین میں واقع الجہل پارک کے واش روم سے نوزائیدہ بچہ ملا ہے  جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ماہر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی اس کا علاج جاری ہے۔

جنرل کمانڈ ابوظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ ایک امارتی خاتون پبلک پارک میں اپنے بیٹے کے ساتھ چہل قدمی کررہی تھی کہ اس دوران خواتین کے واش روم سے ایک لاوارث بچہ ملنے پر وہ چونک گئی اور فوری طور پر اس متعلق پولیس کو آگاہ کیا۔

جنرل کمانڈ کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بچے کو اسپتال منتقل کردیا، بظاہر بچہ ایشیائی لگتا ہے اور معاملے سے متعلق تفتیش جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔