نائجیریا میں شدت پسندوں کے ہاتھوں فرانسیسی این جی او کے 4 مغویوں کا قتل

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 دسمبر 2019
جولائی میں اغوا ہونے والے 6 کارکنوں میں سے 1 کو ستمبر اور 4 کو آج قتل کردیا گیا، فوٹو : اے ایف پی

جولائی میں اغوا ہونے والے 6 کارکنوں میں سے 1 کو ستمبر اور 4 کو آج قتل کردیا گیا، فوٹو : اے ایف پی

ابوجا: نائجیریا میں شدت پسندوں نے فرانسیسی این جی او کے 4 مغویوں کو قتل کردیا۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نائجیریا میں شدت پسند جنگجوؤں نے بھوک اور افلاس کے خاتمے کیلیے کام کرنے والی فرانسیسی این جی او کے ایک اسٹاف ممبر اور دو ڈرائیورز سمیت 4 مغویوں کو قتل کردیا ہے جب کہ ایک امدادی کارکن اب بھی جنگجوؤں کی قید میں ہیں۔

فرانسیسی امدادی تنظیم ’اگینسٹ ہینگر‘ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں برس 18 جولائی میں اغوا ہونے والے 6 کارکنان میں سے 4 کو قتل کر دیا گیا ہے، مغویوں کو نائجیریا کے شمال مشرقی حصے سے اغوا کیا گیا تھا۔ تنظیم نے مقتولین کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

ایک مغوی کو رواں برس ستمبر میں قتل کردیا گیا تھا اس طرح مقتولین کی تعداد 5 ہوگئی ہے اور اب جنگجوؤں کی قید میں این جی او کا ایک مغوی ہے۔ ’اگینسٹ ہنگر‘ کے ذمہ داروں نے حکومت سے باقی بچ جانے والے ایک مغوی کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔