نیپال ؛ بم دھماکے میں پولیس آفیسر سمیت 3 افراد ہلاک اور 3 زخمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 دسمبر 2019
دو شہریوں اور ایک کانسٹیبل شدید زخمی ہیں، فوٹو : فائل

دو شہریوں اور ایک کانسٹیبل شدید زخمی ہیں، فوٹو : فائل

کھٹمنڈو: نیپال میں ایک گھر کے باہر مشکوک چیز کی اطلاع پر پہنچنے والی پولیس ٹیم کے آفیسر گھر کے 2 مکینوں سمیت بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے جب کہ پولیس کانسٹیبل اور 2 مکین شدید زخمی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپال کے علاقے مہندر نگر میں ایک گھر کے پاس کھمبے پر کوئی مشکوک چیز بندھی ہوئی تھی جس پر اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس پارٹی نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مشکوک چیز کا معائنہ کیا تو اسی دوران زوردار دھماکا ہو گیا۔

دھماکے میں ایک پولیس اہلکار اور مذکورہ گھر میں رہائش پذیر باپ بیٹے ہلاک ہوگئے جب کہ بیٹی اور بیٹے کے ساتھ ایک پولیس کانسٹیبل شدید زخمی ہیں جن کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ واقعے کی تفتیش کیلیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر محسوس ہوتا ہے کہ دھماکا مشکوک پیکٹ میں رکھے گئے مواد کی وجہ سے ہوا تاہم اس بات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے کہ بارودی مواد کا اصل ہدف کون تھا۔ کسی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔