شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں حکیم اللہ محسود مارا گیا، غیر ملکی خبرایجنسی

ویب ڈیسک / رائٹرز  جمعـء 1 نومبر 2013
اس سے قبل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بھی شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 افراد مارے گئے تھے۔ فوٹو: فائل

اس سے قبل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بھی شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 افراد مارے گئے تھے۔ فوٹو: فائل

شمالی وزیرستان:  میران شاہ میں امریکی ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان کے امیر حکیم اللہ محسود سمیت 5 افراد ہلاک جب کہ 2 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے دعویٰ کیاہے کہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ کے علاقے ڈانڈے درپہ خیل میں ہونے والے ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان کے امیر حکیم اللہ محسود ہلاک ہوگئے ہیں تاہم حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی گئی۔ دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے مقامی میڈیا سے رابطہ کر کے حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کی تصدیق کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ امریکی جاسوس طیارے کی جانب سے ڈانڈے درپہ خیل میں حکیم اللہ محسود کے گھر پر دو میزائل داغے گئے۔ ڈرون حملے میں حکیم اللہ محسود کے گارڈ طارق محسود سمیت 5 افراد کے مارنے جانے کی اطلاعات ہیں تاہم دیگر افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔ حملے میں نشانہ بنائے جانے والا گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا جس کے باعث مقامی لوگوں میں شدید خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔ اس سے قبل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بھی شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 افراد مارے گئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا تھا کہ اگر طالبان سے مذاکرات کے دوران ڈرون حملے کئے گئے تو نیٹو سپلائی بند کردی جائے گی۔ انہوں نے طالبان اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں ڈرون حملوں کو سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔