راولپنڈی اسٹیڈیم میں سہولیات کی کمی کھٹکنے لگی

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 15 دسمبر 2019
چھتیں ٹپکنے لگیں،وینیو کے قریب واش رومز نہ ہونے سے بھی شائقین پریشان (فوٹو: فائل)

چھتیں ٹپکنے لگیں،وینیو کے قریب واش رومز نہ ہونے سے بھی شائقین پریشان (فوٹو: فائل)

راولپنڈی: راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم  میں سہولیات کی کمی کھٹکنے لگی، شائقین کے لیے مختص بلاکس کی چھتیں ٹپکنے لگیں۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاک سری لنکا ٹیسٹ سے قبل پی سی بی کے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈویژن نے گراؤنڈ میں موجود سہولیات کی رپورٹ تیار کرکے اعلیٰ حکام کو ارسال کی تھی، مگر میڈیا اینڈ کے قریب واقع بلاکس کی چھتوں کے کام میں نقائص رہ گئے جس سے بارش کا پانی جمع ہوکر ٹپکنے لگا۔

دوسری طرف شائقین اسٹیڈیم کے قریب واش رومز نہ ہونے کا بھی گلہ کرتے نظر آئے، اسٹیڈیم کے بیشتر اسٹینڈز کھلے آسمان تلے ہونے کی وجہ سے شائقین کے لیے موسمی اثرات سے بچنا مشکل ہے، وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے دوران لوگ بھیگتے اور سخت پریشان ہوتے رہے،  فوڈ اسٹریٹ سمیت آس پاس کے ریسٹورنٹ بھی بند کیے جانے کی وجہ سے کھانے سمیت دیگر سہولیات بھی دور دور تک میسر نہیں تھیں۔

اسٹیڈیم کے اندر میسر چند کھانے پینے کی چیزیں مہنگے داموں فروخت کی جاتی رہیں، پہلے روز بڑی تعداد میں آنے والے شائقین سہولیات کی کمی کا شکوہ کرتے رہے، اگلے تین روز خراب موسم کی وجہ سے کم لوگوں کی آمد ہوئی لیکن جو آئے وہ بھی اپنی پریشانیوں کا ذکر کرتے رہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔