شہر قائد میں کل ہلکی بارش یا پھوار پڑنے کا امکان

اسٹاف رپورٹر  اتوار 15 دسمبر 2019
اتوار کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ پارہ 29 ڈگری ریکارڈ ہوا (فوٹو: فائل)

اتوار کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ پارہ 29 ڈگری ریکارڈ ہوا (فوٹو: فائل)

 کراچی: شہر قائد میں کل پیر کو ہلکی بارش اور پھوار پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی صبح گلشن اقبال، ملیرکینٹ، اولڈ سٹی ایریا سمیت شہر کے کچھ علاقوں میں بوندا باندی ہوئی جس کے سبب درجہ حرارت میں ایک سے دو ڈگری کمی واقع ہوئی اورخنکی مزید بڑھ گئی۔

چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی لوکل ڈیولپمنٹ کے تحت ہوئی جس کے دوران سمندر کی نچلی سطح کے بادل بنے۔

اتوار کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ پارہ 29 ڈگری ریکارڈ ہوا۔ اتوار کو دن کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 35 فیصد ریکارڈ ہوا۔ شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 25 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل پیر کو شہر کا مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے جبکہ مختلف علاقوں پر ہلکی بارش اور پھوار پڑنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔