پہلا ون ڈے ؛ ویسٹ انڈیز نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 16 دسمبر 2019
8 وکٹ سے کامیاب، شیمرون ہیٹمائر اور شائی ہوپ نے سنچریاں جڑدیں

8 وکٹ سے کامیاب، شیمرون ہیٹمائر اور شائی ہوپ نے سنچریاں جڑدیں

چنئی: پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا۔

8 وکٹ کی فتح سے 3 میچزکی سیریز میں 1-0 کی برتری بھی حاصل کرلی، 288 رنز کا ہدف 13 بالز قبل 2 وکٹ پر حاصل کیا، شیمرون ہیٹمائر اور شائی ہوپ دونوں نے سنچریاں جڑیں، اس سے قبل میزبان سائیڈ نے 8 وکٹ پر 287 رنز بنائے، ریشابھ پانٹ 71 اور شریاس آئر 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

تفصیلات کے مطابق پہلے ون ڈے میں 288 رنز کا ہدف پانے والی ویسٹ انڈین ٹیم نے پہلی وکٹ صرف 11 کے ٹوٹل پر گنوا دی جب سنیل ایمبرس 9 رنز بناکر چاہار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے تاہم شیمرون ہیٹمائر اور شائی ہوپ نے بھارتی بولرز کی ناک میں دم کردیا، دونوں نے دوسری وکٹ کیلیے 218 رنز  کی شراکت سے مجموعے کو 229 تک پہنچایا، ہیٹمائر کو آخرکار محمد شامی نے آئر کی مدد سے قابو کیا تاہم تب تک وہ 106 بالز پر 7 چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 139 رنز بناچکے تھے۔

بعد ازاں پوران (29) کے ساتھ مل کر شائی ہوپ نے ٹیم کو 47.5 اوورز میں ہدف عبور کرادیا، وہ خود 102 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے پہلے بھارت نے 8 وکٹ پر 287 رنز بنائے، پانٹ نے 71 اور شریاس آئر نے 70 رنز بنائے، کوٹریل، کیموپال اور الزاری جوزف نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔