فشری کراچی میں آتشزدگی، کروڑوں روپے کی لانچیں اور گودام خاکستر

نمائندہ ایکسپریس  پير 16 دسمبر 2019
ریسٹورنٹ پر گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹنے کے باعث آگ لگی فوٹو:رپورٹر

ریسٹورنٹ پر گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹنے کے باعث آگ لگی فوٹو:رپورٹر

 کراچی: فشری میں خوفناک آتشزدگی کے باعث کروڑوں روپے مالیت کی لانچیں ، کباڑ کا گودام ، دو ہوٹل اور ایک جال کا گودام جل کر خاکستر ہو گئے۔

ڈاکس کے علاقے فش ہاربر ( فشری ) میں رات گئے اچانک ایک ریسٹورنٹ پر آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔ آگ نے قریب واقع کباڑ کے گودام ، موبائل لوڈ کی دکان، مچھلی پکڑنے کے جال کے گودام اور پھر لانچوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

فشرمین کوآپریٹنگ ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکیورٹی انچارج ناصر بنیری نے ایکسپریس کو بتایا کہ ریسٹورنٹ پر سلنڈر دھماکے سے پھٹا اور آگ کا گولا نکل کر برابر میں کباڑ کے گودام میں جا گرا اور آگ لگ گئی جہاں کالے تیل کے ڈرم رکھے تھے۔ تیز ہوا اور اور فائربریگیڈ کی گاڑیوں میں پانی کی کمی کے باعث آگ نے قریب کھڑی لانچوں کو بھی اپنے لپیٹ میں  لے لیا۔

کے پی ٹی ، پاک بحریہ اور کے ایم سی کی گاڑیوں نے تقریباً 4 گھنٹے کی مسلسل جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ آتش زدگی میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

سیکیورٹی آفیسر ناصر بونیری نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ فش ہاربر میں ایسے گودام جہاں آئل کا ذخیرہ ہوتا ہے ان کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے تاکہ آئندہ اتنے بڑے نقصانات سے بچا جا سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔