مودی حکومت مسلمانوں کے خلاف جنگ میں مصروف ہے، صدر عارف علوی

ویب ڈیسک  پير 16 دسمبر 2019
بھارتی حکومت مسلمانوں کے خلاف فاشسٹ ہندوتوا درندگی کا مظاہرہ کررہی ہے، صدر عارف علوی فوٹو:فائل

بھارتی حکومت مسلمانوں کے خلاف فاشسٹ ہندوتوا درندگی کا مظاہرہ کررہی ہے، صدر عارف علوی فوٹو:فائل

 اسلام آباد: صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت میں نریندر مودی حکومت مسلمانوں کے خلاف جنگ میں مصروف ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے ایک ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز سے اب تک بھارت سے ہزاروں پیغامات موصول ہو چکے ہیں جس میں سے ایک کو ٹوئٹ کر رہا ہوں، یہ لڑکی روتے ہوئے دہلی میں جامعہ ملیہ یونیورسٹی کے اندر بھارتی پولیس کی جانب سے لڑکیوں پر بہیمانہ تشدد کے حوالے سے بتا رہی ہے۔

صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ مودی حکومت ہندوتوا فسطائیت کو استعمال کرتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف جنگ کر رہی ہے۔

عارف علوی نے پولیس تشدد کیخلاف احتجاج کرنے والے جامعہ ملیہ دہلی کے طلبہ کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ فیض احمد فیض کی معروف انقلابی نظم ’ہم دیکھیں گے‘ گنگنا رہے ہیں۔

عارف علوی نے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود جامعہ ملیہ دہلی کے نوجوانوں کے حوصلے ناقابل یقین حد تک بلند ہیں، طلبہ کا احتجاج غیر معمولی ہے اور فاشسٹ مودی حکومت کے جو بھی عزائم ہوں وہ بہادر اقلیت کو دبا نہیں سکتے۔

واضح رہے کہ مودی حکومت نے مسلمانوں سے امتیازی سلوک پر مبنی شہریت کا متنازع قانون منظور کیا ہے جس کے تحت پاکستان، افغانستان اور بنگلا دیش سے آنے والے غیر مسلم تارکین وطن کو شہریت دی جائے گی لیکن مسلمانوں کو شہریت نہیں دی جائے گی۔

اس قانون کے خلاف بھارت بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں جس میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔