وزیراعظم عمران خان کو بحرین کے سب سے بڑے سول ایوارڈ سے نواز دیا گیا

ویب ڈیسک  پير 16 دسمبر 2019
وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد  سخیر پیلس میں کیا گیا ۔فوٹو:سوشل میڈیا

وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد سخیر پیلس میں کیا گیا ۔فوٹو:سوشل میڈیا

 اسلام آباد: بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ نے وزیراعظم عمران خان کواعلی ترین سول ایوارڈ عطا کردیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان تین ملکی دورے کے آغاز پر بحرین پہنچے جہاں انہوں نے بحرین کے ولی عہد خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ سے ملاقات کی، بحرین پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں ’گارڈ آف آنر‘ بھی پیش کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے منامہ کے شاہی محل میں بحرین کے ولی عہد خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان بحرین کے قومی دن کی مرکزی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے لئے سخیر پیلس پہنچے تو بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے ان کا استقبال کیا، تقریب میں بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ نے وزیراعظم عمران خان کو بحرین کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’شاہ حماد آرڈر آف رنیسانس‘ سے نوازا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان  بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کی دعوت پر بحرین کا دورہ کر رہے ہیں اور وزیراعظم کے حلف اٹھانے کے بعد یہ ان کا بحرین کا پہلا دورہ ہے، امکان ہے کہ وزیراعظم کے دورہ بحرین سے دونوں ممالک کے درمیان مزید تجارت اورسرمایہ کاری کے وسیع ترمواقع پیدا ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔