پانچ کمپنیوں کے گھپلوں میں بلاول کا نام ہے اسے پلی بارگین کرنی ہوگی، شیخ رشید

اسٹاف رپورٹر  پير 16 دسمبر 2019
لوگوں نے وکلا کو لعنت و ملامت کی، اسپتالوں پر پڑھا لکھا طبقہ حملہ نہیں کرسکتا، پی آئی سی واقعے سے وکلا کا اپنا امیج تباہ ہوا (فوٹو: آئی این پی)

لوگوں نے وکلا کو لعنت و ملامت کی، اسپتالوں پر پڑھا لکھا طبقہ حملہ نہیں کرسکتا، پی آئی سی واقعے سے وکلا کا اپنا امیج تباہ ہوا (فوٹو: آئی این پی)

 کراچی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلاول کو پلی بارگین کرنی ہوگی، پانچ کمپنیوں میں ان کا نام ہے اور مارچ میں نیب کو ایک بڑی رقم ملے گی، آرمی چیف کی ایکسٹینشن طے ہے تمام سیاسی جماعتیں اس پر ساتھ دیں گی۔

ہفتے کو کراچی کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع طے ہے، تحریری فیصلہ پر حکومت اپنا کام شروع کرے گی اور  تمام سیاسی جماعتیں اس پر ساتھ دیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سفید اور کالے کوٹ کی لڑائی میں کالے کوٹ کو ندامت ہوئی ہے، لوگوں نے وکلا کو لعنت و ملامت کی، اسپتالوں پر پڑھا لکھا طبقہ حملہ نہیں کرسکتا، پی آئی سی واقعے سے وکلا کا اپنا امیج تباہ ہوا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آصف زرداری کی ضمانت ہوگئی خوشی کی بات ہے، آصف زرداری جیل کاٹ سکتے ہیں مگر نواز شریف نہیں، یہ سیاستدان نہیں بلکہ یہ حادثوں کی پیداوار ہیں، بلاول کو پلی بارگین کرانی ہے  کیوں کہ 5 بڑی کمپنیوں کے گھپلوں میں ان کا نام ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے دسمبر کے بعد بات کروں گا، کوئی مائنس فارمولا نہیں ہوگا، نواز شریف اور زرداری کی کوئی سیاست نہیں دیکھ رہا، اس سال بہت سارے لوگ نیو ایئر لندن میں منا رہے ہیں، الیکشن کمیشن پر اپوزیشن سے مل بیٹھ کر بہتر فیصلہ کریں گے، مہنگائی اور بے روزگاری کم کرنا ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے۔

وفاقی وزیر نے محکمہ ریلوے کے معاملات پر کہا کہ  کراچی سرکلر ریلوے کا 38 کلومیٹر کا ٹریک خالی کروا دیا ہے، ریلوے کے سارے مسائل کا حل ایم ایل ون ہے، ریلوے کی گاڑیوں میں بھی مانیٹرنگ سسٹم لگا رہے ہیں جبکہ کے بی ایکس میں نئے دو دفتر ہم کھول رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹریک پر اجازت دی جائے گی کہ لوگ کرایہ دے کر ٹریک استعمال کریں، جبکہ حیدر آباد، کراچی، گوجرانوالہ شٹل سروس چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔