پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس روکنے کی درخواست پر فل بینچ بنانے کی سفارش

ویب ڈیسک  منگل 17 دسمبر 2019
درخواست میں خصوصی عدالت کی تشکیل پر اہم نکات اٹھائے گئے ہیں، لاہور ہائی کورٹ فوٹو:فائل

درخواست میں خصوصی عدالت کی تشکیل پر اہم نکات اٹھائے گئے ہیں، لاہور ہائی کورٹ فوٹو:فائل

لاہور ہائی کورٹ نے سابق صدر اور آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کیخلاف خصوصی عدالت میں سنگین غداری کیس کی کارروائی روکنے کی درخواست پر فل بینچ بنانے کی سفارش کردی۔

لاہور ہائی کورٹ میں پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت میں زیر سماعت سنگین غداری کیس کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کارروائی کو روکنے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

جسٹس مظاہر علی اکبرنقوی نے درخواست پر فل بینچ بنانے کی سفارش کرتے ہوئےدرخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجواتے ہوئے کہا کہ درخواست کی سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دیا جائے۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ درخواست میں خصوصی عدالت کی تشکیل پر اہم نکات اٹھائے گئے ہیں، تاہم جب تمام فریقین اسلام آباد کے رہائشی ہیں تو لاہور ہائیکورٹ کیسے سن سکتی ہے؟ کوئی ایک کیس بتا دیں جس میں کسی دوسری ہائیکورٹ نے سماعت کر کے فیصلہ دیا ہو۔

عدالت نے مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔