مودی حکومت مسلم اکثریت کواقلیت میں بدلنے کی کوشش کررہی ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 17 دسمبر 2019
بین الاقوامی برادری کو بھارت پر دباو ڈالنا ہوگا ،وزیراعظم، فوٹو: فائل

بین الاقوامی برادری کو بھارت پر دباو ڈالنا ہوگا ،وزیراعظم، فوٹو: فائل

جینیوا: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ترقی پذیرممالک کیلئے مہاجرین کی میزبانی مشکل کام ہے جب کہ مہاجرین کی بے مثال میزبانی پرپاکستانی عوام پرفخر ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے عالمی مہاجرین فورم سے خطاب میں کہا کہ قیام پاکستان کے وقت دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت ہوئی، پاکستان لاکھوں مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے، ترقی پذیرممالک کیلئے مہاجرین کی میزبانی مشکل کام ہے، مہاجرین کی بے مثال میزبانی پرپاکستانی عوام پرفخر ہے تاہم ہمارا ملک مزید مہاجرین کا متحمل نہیں ہوسکے گا۔

ترک عوام کو خراج تحسین

وزیراعظم نے کہا کہ سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی پرترک عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان میں افغان مہاجرین 40 سال سے مقیم ہیں، پاکستان میں 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین موجود ہیں۔ افغان امن عمل میں ہرممکن مدد کررہے ہیں، افغانستان میں امن سے مہاجرین کی واپسی ممکن ہوگی اوردنیا میں مہاجرین کی بڑابحران جنم لینے کوہے۔

 بین الاقوامی برادری کوبھارت پر دباؤ ڈالنا ہوگا

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مودی حکومت مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کررہی ہے، مقبوضہ کشمیرمیں جب بھی کرفیواٹھایا گیا قتل عام ہوگا، بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کونظربند کردیا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی اقدامات دوایٹمی طاقتوں میں جنگ کا باعث بن سکتا ہے، کشمیرپربھارتی تسلط کے باعث خطے میں ایک اوربحران کا خطرہ ہے، دنیا کوسمجھا چاہئیے احتیاط علاج سے بہترہے جب کہ بین الاقوامی برادری کو بھارت پر دباو ڈالنا ہوگا۔

بھارت میں معاملات سنبھالنا مشکل ہو جائیں گے

وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی حکومت نے شہریت کا متنازع بل متعارف کرایا ہے، یہی کچھ میانمارمیں ہوا جس کے بعد مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا، بھارت میں 20 کروڑمسلمانوں کی شہریت خطرے میں ہے، بھارتی شہری گلیوں میں نکل آئے، بھارت میں معاملات مزید خراب ہوئے تو سنبھالنے مشکل ہوجائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔