پاکستان کسٹمز نے بھارتی کریم اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

احتشام مفتی  بدھ 18 دسمبر 2019
بھارتی کریم کو لاہور کی ایک کمپنی میسرز کے ڈی انٹرپرائز کے نام پردرآمد کیا گیا تھا، کسٹمز حکام

بھارتی کریم کو لاہور کی ایک کمپنی میسرز کے ڈی انٹرپرائز کے نام پردرآمد کیا گیا تھا، کسٹمز حکام

کراچی: پاکستان کسٹمز نے بھارتی کریم کو کسٹم ڈیوٹی ودیگر ٹیکسوں کی ادائیگی کے بغیر اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

پاکستان کسٹمز بھارتی مصنوعات کی درآمدات پرعائد پابندی کے باوجود مختلف مصنوعات کی مس ڈیکلریشن اور اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کے تحت بدھ کو کسٹمز پورٹ قاسم کٹریٹ نے ایک کامیاب کاروائی کرتے ہوئے بھارتی برانڈڈ کریم  کے کنسائمنٹس کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ہے جس کا محکمہ کسٹمز میں داخل کردہ گڈز ڈیکلریشن میں یورپین یونین اوریجن ظاہرکیا گیا تھا۔

کسٹمزحکام نے بتایا کہ بھارتی کثیرالقومی کمپنی کی برانڈڈ باڈی کریم کے کنسائمنٹس کی مالیت 15 لاکھ روپے بنتی ہے جب کہ اس کا وزن 4752 کلوگرام ہے، ذرائع نے بتایا کہ مزکورہ کنسائمنٹ کو کسٹم ڈیوٹی ودیگر ٹیکسوں کی ادائیگی کے بغیر اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی، حکام نے بتایا کہ برانڈڈ کریم کے اس کنسائمنٹ کو لاہور کی ایک کمپنی میسرز کے ڈی انٹرپرائز کے نام پردرآمد کیا گیا تھا جب کہ میسرزفائن سروسز نامی کلئیرنگ ایجنٹ کے ذریعے مزکورہ کنسائمنٹ کی کلئیرنس کرائی جارہی تھی۔

ذرائع نے بتایاکہ کسٹمز پورٹ قاسم نے کسٹم ایکٹ کے تحت کنسائمنٹ ضبط کرکے قانونی کاروائی کا آغازکردیا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کسٹمز نے ان درآمد کنندگان کی تفصیلات پہلے ہی حاصل کرلی ہیں جو ملک میں پابندی کے باوجود تیسرے ملک یا مس ڈیکلریشن کے ذریعے بھارتی مصنوعات کی کسٹم کلئیرنس حاصل کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کسٹم حکام کواپنے خفیہ نیٹ ورک کی اطلاعات پر کنٹینروں کی ٹریکنگ، بحری جہازوں کی آمدورفت کی تصدیق کے ذریعے بھارتی مصنوعات کی نشاندہی ہورہی ہے۔ درآمدی پالیسی آرڈرمجریہ 2016کےتحت بھارتی مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائدہے اور وفاقی حکومت نے مزکورہ پالیسی میں 19اگست 2019 کوترمیم کرکے مزیدسختیاں عائد کردی تھیں۔

چئیرمین ایف بی آر شبرزیدی کی جانب سے بھارتی مصنوعات کی ملک میں روکنےکی سخت ہدایات پرممبرکسٹم آپریشن ایف بی آر  جواداویس آغانےگزشتہ ہفتےکے اختتام پرکراچی کسٹمز اپریزمنٹ کلکٹریٹس کاتفصیلی دورہ کرتے ہوئےحکام کو بھارتی مصنوعات کی کلئیرنس کی کوششوں کوناکام بنانےاورفیلڈ فارمیشن پرمزید کام کرنےکی سخت احکامات جاری کیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔