بورڈ کا سابق کرکٹرز سے افسوسناک رویہ، صادق محمد کو 50 روپے والا ٹکٹ تھما دیا

نمائندہ خصوصی  جمعـء 20 دسمبر 2019
کراچی میں 8،10بڑے سابق کرکٹرز ہی ہوں گے بورڈ کو ان کا خیال رکھنا چاہیے، سابق کرکٹر۔ فوٹو: فائل

کراچی میں 8،10بڑے سابق کرکٹرز ہی ہوں گے بورڈ کو ان کا خیال رکھنا چاہیے، سابق کرکٹر۔ فوٹو: فائل

کراچی:  پی سی بی کے رویے نے سابق کرکٹرز کو ناراض کر دیا۔

یونس خان کے بعد صادق محمد نے بھی اس حوالے سے کھل کر اظہار خیال کیا ہے، 41 ٹیسٹ میں ملک کی نمائندگی کرنے والے صادق محمد کو بورڈ نے 50 روپے کے ٹکٹ پر ٹرخا دیا۔

انھوں نے میڈیا کے سامنے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ میری پاکستان کرکٹ کیلیے اتنی زیادہ خدمات ہیں مجھے چیئرمین باکس میں مدعو کیا جانا چاہیے تھا، مگر افسوس کی بات ہے کہ عمران انکلوژر کے ٹکٹ بھیج دیے گئے۔

انھوں نے کہا کہ کراچی میں 8،10بڑے سابق کرکٹرز ہی ہوں گے بورڈ کو ان کا خیال رکھنا چاہیے، میں نے جب شکوہ کیا تو ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے مین بلڈنگ کا پاس بھیج دیا، اس حوالے سے واضح پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ یونس خان نے تاخیر سے مدعو کیے جانے پر میچ کیلیے آنے سے انکار کر دیا تھا، سابق کپتان ظہیر عباس،معین خان اور سرفراز احمد سمیت محسن خان و کئی دیگر اسٹارز بھی شہرقائد سے تعلق رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔