سرد ہواؤں کا نیا سلسلہ کل سے شہر میں داخل ہونے کا امکان

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 21 دسمبر 2019
 بلوچستان کے چند اضلاع میں بارشوں کا اثرشہرپرسرد ہواؤں کی شکل میں نمودار ہوگا،سردی کی نئی لہر6روز برقراررہ سکتی ہے۔ فوٹو: آئی این پی

 بلوچستان کے چند اضلاع میں بارشوں کا اثرشہرپرسرد ہواؤں کی شکل میں نمودار ہوگا،سردی کی نئی لہر6روز برقراررہ سکتی ہے۔ فوٹو: آئی این پی

 کراچی: شہر قائد میں سرد ہواؤں کا نیا سلسلہ اتوار سے داخل ہونے کا امکان ہے جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 10ڈگری تک گرسکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات کراچی سردارسرفراز کے مطابق شہر میں درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ایک بار پھرکم درجہ حرارت میں تبدیل ہوکر سردی میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے،ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے کچھ اضلاع میں ہونے والی بارشوں کا اثرشہرپرسرد ہواؤں کی شکل میں نمودار ہوگا،جس کے دوران کم سے کم پارہ 10ڈگری تک گرنے کی توقع ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق 22دسمبر سے چلنے والی ہوائیں 28دسمبر تک برقراررہ سکتی ہیں،محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو شہر کا کم سے کم پارہ 17.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا،جمعہ کو بیشتروقت سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چلیں جس کی رفتار20 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج (ہفتے) کو شہر کا مطلع دن کے وقت خشک جبکہ رات میں قدرے سرد رہنے کی توقع ہے،آج کم سے کم پارہ 14 سے 16ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے،واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے کراچی میں سردی کی لہر جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔