عاطف اسلم کے بیٹے کا غلط نام لکھنے پربھارتی میڈیا کی معافی

ویب ڈیسک  منگل 24 دسمبر 2019
عاطف اسلم کے گھر چند روز قبل دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے فوٹوفائل

عاطف اسلم کے گھر چند روز قبل دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے فوٹوفائل

ممبئی: عالمی شہرت یافتہ گلوکارعاطف اسلم کے بیٹے کا نام غلطی سے ’’الحمد اللہ‘‘ لکھنے پربھارتی میڈیا نے معافی مانگ لی۔

چند روزقبل عاطف اسلم نے سوشل میڈیا پرخوشخبری شیئرکرتے ہوئے اپنے تمام چاہنے والوں کوبتایا تھا کہ ان کے گھرمیں ننھے مہمان کی آمد ہوئی ہے۔ عاطف اسلم نے تمام لوگوں کومخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا ’’لیڈیزاینڈ جینٹلمین نیا مہمان الحمداللہ (اللہ کا شکر)۔ ماں اوربچہ دونوں صحت مند ہیں۔ ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں اور ماشااللہ کہنا نہ بھولیں۔‘‘

یہاں الحمد اللہ سے عاطف اسلم کی مراد اللہ کا شکرتھا لیکن دیسی مارٹینی نامی بھارتی ویب سائٹ نے ہیڈلائن میں لکھا کہ ’’عاطف اسلم اور ان کی اہلیہ کے گھر دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے اور انہوں نے اپنے بچے کانام الحمد اللہ رکھا ہے۔‘‘

سوشل میڈیاپر غلطی کی نشاندہی ہونے کے بعد دیسی مارٹینی سے وابستہ خاتون نے ٹوئٹرپراپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میری زندگی کی یہ سب سے بدترین غلطی ہے لیکن جیسے ہی ہمیں ہماری غلطی کا احساس ہوا ہم نے فوراً غلطی درست کرلی۔ حالانکہ ہم سے دیرہوگئی لیکن اس غلطی سے ہم نے دوچیزیں سیکھیں پہلی ویب پرکام کرتے ہوئے بہت دھیان رکھیں۔ دوسری الحمد اللہ نام نہیں ہوسکتا۔ دل سے معافی کے طلبگارہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عاطف اسلم کے گھر ننھے مہمان کی آمد

بھارتی ویب سائٹ دیسی مارٹینی نے بھی اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے غلطی سدھار لی ہے ہم دل سے معافی چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ  عاطف اسلم اورسارہ بھروانا  کا ایک 5 سال کا بیٹا بھی ہے جس کا نام احد عاطف اسلم ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔