اداکار اشرف راہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے      

ویب ڈیسک / شوبز رپورٹر  جمعرات 26 دسمبر 2019
اداکار دل کا دورہ پڑنے کے بعد پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیر علاج تھے، خاندانی ذرائع فوٹوفائل

اداکار دل کا دورہ پڑنے کے بعد پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیر علاج تھے، خاندانی ذرائع فوٹوفائل

لاہور: اسٹیج اور فلم کے نامور اداکار اشرف راہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ان کی نماز جنازہ لال پل گراؤنڈ میں ادا کردی گئی، جنازہ میں چند فنکاروں کے علاوہ شوبز کی کسی معروف شخصیت نے شریک نہ کی۔

ایکسپریس کے مطابق پاکستان ایک اور بڑے فنکار سے محروم ہوگیا، اداکار اشرف راہی دنیائے فانی سے رخصت ہوگئے، انہیں بدھ کی شب دل کا دورہ پڑا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے اور ہسپتال میں دوران علاج خالق حقیقی سے جا ملے۔

مرحوم نے سوگواران میں ایک بیوی، تین بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی، مرحوم اشرف راہی کی نماز جنازہ لال پل کے گراؤنڈ میں ادا کی گئی جہاں اداکار جواد وسیم نے نماز جنازہ پڑھائی۔

اشرف راہی مزاح اور جملوں کی برجستہ ادائیگی میں منفرد مقام رکھتے تھے، انہوں نے شرطیہ مٹھے، مس رانگ کال، ماہی مینوں چھلا پوا دے ، پنڈ دی کڑی اور مجاجن میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

طویل عرصہ تک فلم، ٹی وی اور تھیٹر میں کام کرنے والے اداکار اشرف راہی کی نماز جنازہ میں اظہر رنگیلا، قیصر پیا، شاہد خان اور جواد وسیم سمیت دیگر فنکاروں نے دکھ کا اظہار کیا اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اسٹیج سے تعلق رکھنے والے دیگر فنکاروں نے اشرف راہی کو شوبز دنیا کا بہت بڑا نقصان قرار دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ آخری عمر میں فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔