تیسرا ون ڈے، جنوبی افریقا نے پاکستان کو 68 رنز سے شکست دے دی

ویب ڈیسک  بدھ 6 نومبر 2013
جنوبی افریقا کی جانب سے پاکستانی نژاد باولر عمران طاہر نے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ فوٹو؛ اے ایف پی

جنوبی افریقا کی جانب سے پاکستانی نژاد باولر عمران طاہر نے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ فوٹو؛ اے ایف پی

ابوظہبی: جنوبی افریقا نے پاکستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں 68رنز سے شکست دے کر 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

ابو ظہبی کے شیخ زید انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقا کے خلاف 260 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام رہی اور پوری ٹیم پینتالیسویں اوور میں 191رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب وہاب ریاض نے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے، احمد شہزاد نے 32، سہیل تنویر نے 31 اور کپتان مصباح الحق نے 19 رنز بنائے۔ پروفیسر محمد حفیظ نے 15 جبکہ اور شاہد آفریدی صرف 6 رنز بنا کر چلتے بنے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے پاکستانی نژاد عمران طاہر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مورنے مورکل نے اور ریام میکلیرن نے 2،2 وکٹ حاصل کیں۔ ڈیل اسٹین، اور لونویبو ٹوٹوبے کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان اے بی ڈی ویلیئر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنائے، پروٹیز کی جانب سے جین پال ڈومنی 64 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں بلے باز رہے، اس کے علاوہ فاف ڈوپلیسی نے 55، کوانٹن ڈی کوک نے 40، ابراہم ڈی ویلئیر اور ڈیوڈ ملر نے 34،34 رنز بنائے، ہاشم آملہ صرف 10 رنز ہی بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 46 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہد آفریدی اور سعید اجمل 2،2 جبکہ سہیل تنویر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوسکے۔ جنوبی افریقا کے فاف ڈوپلیسی کو شاندارکارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔