مصر کی عدالت نے پابندی کے خلاف اخوان المسلمون کی درخواست مسترد کردی

رائٹرز  بدھ 6 نومبر 2013
اخوان المسلمون پر ستمبر میں پابندی عائد کی گئی تھی۔ فوٹو: فائل

اخوان المسلمون پر ستمبر میں پابندی عائد کی گئی تھی۔ فوٹو: فائل

قاہرہ: مصر کی عدالت نے سابق صدر محمد مرسی کی جماعت اخوان المسلمون پر پابندی کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ادرے کے مطابق دارالحکومت قاہرہ میں ہنگامی درخواستیں سننے والی خصوصی عدالت نے اخوان المسلمون پر پابندی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی، عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد اخوان المسلمون پر پابندی کے پچھلے عدالتی فیصلے کو برقرار رکھا، عدالتی فیصلے کے مطابق اخوان المسلمون کے پلیٹ فارم سے ملک میں کسی بھی قسم کی سیاسی یا غیر سیاسی سرگرمیوں کو جاری نہیں رکھا جاسکتا۔

واضح رہے کہ اخوان المسلمون مصر کی سب سے پرانی سیاسی جماعت ہے اور اس کی سماجی خدمت کے اداروں سے بھی ہزاروں لوگ وابستہ ہیں، سابق صدر محمد مرسی بھی اسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں اس لئے ان کی برطرفی کے بعد ستمبر میں اخوان المسلمون پر سیاسی جماعت کی حیثیت سے پابندی لگادی گئی تھی تاہم بعد میں اسے سماجی کاموں میں حصہ لینے سے بھی روک دیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔