نیا سال اقتصادی استحکام کا سال ہوگا جس میں عوام خوشخبریاں سنیں گے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 31 دسمبر 2019
نئے سال میں اہم حکومتی منصوبے شروع ہوں گے، وزیراعظم ۔ فوٹو:سوشل میڈیا

نئے سال میں اہم حکومتی منصوبے شروع ہوں گے، وزیراعظم ۔ فوٹو:سوشل میڈیا

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سال 2020 عوام کا سال ہو گا اور  نئے سال میں حقیقی تبدیلی کے ثمرات عوام کو پہنچیں گے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے حکومتی و اتحادی سینیٹرز نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی مجموعی صورتحال، سال2019 میں حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے  پر تبادلہ خیال اور آنے والے سال میں عوامی مسائل سے متعلقہ قانون سازی اور گزشتہ سال کی کامیابیوں کے ثمرات کو عوام تک پہنچانے کے حوالے سے حکمت عملی  پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل ترین مالی حالات کے باوجود حکومتی کوششوں کے نتیجے میں معیشت کو استحکام ملا ہے، کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، معاشی ٹیم کی جدوجہد اور محنت سے اقتصادی اعشاریوں میں آنے والی بہتری کا اعتراف ورلڈ بینک سمیت بین الاقوامی اداروں کی جانب سے بھی کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا ایجنڈا اصلاحات اور عوام کی فلاح و بہبود ہے، نیا سال ملکی ترقی و اقتصادی استحکام کا سال ہوگا، آئندہ سال میں حکومت کی بھرپور کوشش ہوگی کہ جہاں معاشی استحکام کا عمل مزید مستحکم ہو وہاں اس استحکام کے ثمرات عام آدمی تک میسر آئیں اور ان کی زندگیوں میں بہتری واقع ہو، سال 2020عوام کا سال ہے جس میں عوام خوشخبریاں سنیں گے، عوامی مفادات اور عوام سے متعلق مسائل کے حل کرنے اور اس سلسلے میں قانون سازی پر بھرپور توجہ دی جائے اہم حکومتی منصوبے نئے سال میں شروع ہوں گے اور نئے سال میں حقیقی تبدیلی کے ثمرات عوام کو پہنچیں گے۔

عمران خان کاکہنا تھا کہ  کرپشن کے ناسور نے ملک کی معیشت کو کھوکھلا کیا ہے، کرپشن کا خاتمہ پی ٹی آئی حکومت کے منشور کا بنیادی جزو ہے، کرپٹ عناصر کو قانون کے دائرے میں لانے اور کرپشن کے خلاف بھرپور جدوجہد جاری رہے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔