پاکستانی فلم ’’وار‘‘باکس آفس پر بزنس کے تمام ریکارڈز توڑنے کے قریب

ویب ڈیسک  بدھ 6 نومبر 2013
پہلے دن سب سے زیادہ بزنس اور عید پر بھی سب سے زیادہ کمائی کا ریکارڈ پہلے ہی ’’وار‘‘ کے نام ہوچکا ہے۔   فوٹو: فائل

پہلے دن سب سے زیادہ بزنس اور عید پر بھی سب سے زیادہ کمائی کا ریکارڈ پہلے ہی ’’وار‘‘ کے نام ہوچکا ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور: اداکار شان کی فلم ’’وار‘‘ پاکستانی باکس آفس پر بزنس کے کئی ریکارڈز توڑتے ہوئے اب تک 16 کروڑ 83 لاکھ روپے کا بزنس کرچکی ہے۔

بلال لاشاری کی ہدایت میں بننے والی فلم ’’وار‘‘ نے دیکھتے ہی دیکھتے باکس آفس پر کئی ریکارڈ بنا لئے ہیں، پہلے دن سب سے زیادہ بزنس اور عید پر بھی سب سے زیادہ کمائی کا ریکارڈ پہلے ہی ’’وار‘‘ کے نام ہوچکا ہے تاہم اب اس نے پاکستان میں ناصرف شاہ رخ خان کی فلم ’’چنائی ایکسپریس‘‘ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے بلکہ اس کے باعث اکشے کمار کی فلم ’’باس‘‘ بھی پاکستانی باکس آفس پر ناکام ہوگئی ہے تاہم سید نور کی فلم ’’چوڑیاں‘‘ اب بھی 20 کروڑ روپے کی کمائی کے ساتھ پاکستان کی نمبر ون فلم ہے۔

فلم ’’وار‘‘ کو ’’چوڑیاں‘‘ کی نسبت زیادہ سینماؤں میں ریلیز ہونے کی وجہ سے بھی برتری حاصل ہے، ’’چوڑیاں‘‘ صرف 22 سینماؤں کی زینت بنی تھی جبکہ ’’وار‘‘ کو 52 سینماؤں میں ریلیز کیا گیا ہے اور فلمی ناقدین کو امید ہے کہ فلم ’’وار‘‘ 1998 میں بننے والی بلاک بسٹر فلم ’’چوڑیاں‘‘ کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔