سال 2019 میں شہریوں نے مدد گار 15 کو سوا 4 لاکھ بوگس کالیں کیں

اسٹاف رپورٹر  بدھ 1 جنوری 2020
شہری ہیلپ لائن ہنگامی صورت میں استعمال کریں، ڈی آئی جی پی ایس اینڈ ای ایس ڈی ۔ فوٹو : فائل

شہری ہیلپ لائن ہنگامی صورت میں استعمال کریں، ڈی آئی جی پی ایس اینڈ ای ایس ڈی ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: سال 2019 میں شہریوں نے مدد گار 15 پر سوا 4 لاکھ سے زائد بوگس کالز کیں۔

پولیس مدد گار 15 سال 2019 میں بھی ماضی کا تسلسل برقراررکھتے ہوئے دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ جرائم کے خلاف جنگ میں پیش پیش رہی جس کی سالانہ کارکردگی رپورٹ ڈی آئی جی پولیس سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروس ڈویژن مقصود احمد نے آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام اور ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کو پیش کی۔

رپورٹ کے مطابق سال 2019 میں 33 لاکھ 42 ہزاراور739 کالزموصول ہوئیں جن میں سے 4 لاکھ، 25 ہزار 421 کالزبوگس ثابت ہوئیں جب کہ ایک لاکھ 47 ہزار 146 شکایات پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے مدد گار 15 پولیس نے 56 ملزمان کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں کے حوالے کیا جن میں اسٹریٹ کرمنلز، ڈکیت، اغوا کار اور چور شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمان سے 40 پستول 363 گولیاں، 10 موٹر سائیکلیں، 2 گاڑیاں، 11 موبائل فونز اور 43 ہزار روپے برآمد کیے گئے جب کہ 2 پولیس مقابلوں کا بھی سامنا کیا گیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی پی ایس اینڈ ای ایس ڈی نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کو صرف ہنگامی حالات کی صورت میں استعمال کریں تاکہ مددگار 15 کی خدمات صحیح معنوں میں عوامی جان و مال کی حفاظت کے لیے بروئے کار لائی جاسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔