مہوش حیات ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر ڈونلڈ ٹرمپ پر برس پڑیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 جنوری 2020
ایسا ہی ہوتا ہے جب ’’آزاد دنیا کا رہنما‘‘بین الاقوامی قوانین کی پرواہ کیے بغیر یکطرفہ فیصلے کرتا ہے ، مہوش حیات فوٹوفائل

ایسا ہی ہوتا ہے جب ’’آزاد دنیا کا رہنما‘‘بین الاقوامی قوانین کی پرواہ کیے بغیر یکطرفہ فیصلے کرتا ہے ، مہوش حیات فوٹوفائل

کراچی: اداکارہ مہوش حیات نے ایرانی جنرل قاسم سلیما نی کی ہلاکت کے باعث دنیا پر منڈلانے والے تیسری عالمی جنگ کے خطرے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ روز عراقی دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پر امریکا کی جانب سے راکٹ حملے کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ایرانی جنرل کی ہلاکت کی خبر پوری دنیا میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی تھی، جب کہ ٹوئٹر پر قاسم سلیمانی اورتیسری عالمی جنگ کے ہیش ٹیگ ٹرینڈ کررہے تھے۔

اداکارہ مہوش حیات نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت اور دنیا پر منڈلانے والے تیسری جنگ عظیم کے خطرات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے یقین نہیں کرسکتے کہ ابھی نئے سال میں داخل ہوئے 72 گھنٹے ہی ہوئے ہیں اور دنیا جنگ کے کنارے پر جارہی ہے۔

مہوش نے مزید کہا میرا اندازہ ہے ایسا ہی ہوتا ہے جب ’’آزاد دنیا کا رہنما‘‘ بین الاقوامی قوانین کی پرواہ کیے بغیر یکطرفہ فیصلے کرتا ہے۔ یہ صرف ایران اور امریکا سے متعلق نہیں ہے۔ خدا ہماری حفاظت کرے۔

واضح رہے کہ قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے فوراً بعد امریکی صدر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پرامریکی جھنڈے کی تصویر شیئر کی تھی جب کہ پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاتھا جنرل قاسم سلیمانی کو ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر مستقبل میں ایران کی جانب سے حملوں کو روکنے کے لیے ہلاک کیاگیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔