بھارت میں مسلمانوں کا منظم قتل عام جاری ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  ہفتہ 4 جنوری 2020
بھارتی پولیس پستی کی حدوں کو چھو رہی ہے اور ظلم و بربریت کی نئی مثالیں قائم کررہی ہے، عمران خان

بھارتی پولیس پستی کی حدوں کو چھو رہی ہے اور ظلم و بربریت کی نئی مثالیں قائم کررہی ہے، عمران خان

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کا منظم انداز میں قتل عام جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھارتی میڈیا کی ایک خبر ٹویٹ کی جس میں بتایا گیا ہے کہ اترپردیش کی پولیس نے 6 سال قبل انتقال کرجانے والے مسلمان شخص اور 93 سالہ بزرگ شہری کا نام بھی امن و امان میں خلل ڈالنے والے افراد کی فہرست میں شامل کردیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارتی پولیس اپنی پستی کی حدوں کو چھو رہی ہے اور ظلم و بربریت کی نئی مثالیں قائم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفاک مودی سرکار کے مسلم کش ایجنڈے کے تحت ہندوستان میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے۔

بھارت میں مودی حکومت نے متنازع قانون منظور کیا ہے جس کے تحت مسلمانوں کے سوا دیگر مذاہب کے تارکین وطن کو شہریت دی جائے گی۔ اس قانون کے خلاف ملک بھر میں شہریوں کی بڑی تعداد سراپا احتجاج ہے۔ مودی حکومت نے احتجاج کو کچلنے کے لیے سختی سے کام لیا اور سیکڑوں مظاہرین کو قتل اور زخمی کردیا ہے جن میں زیادہ تعداد مسلمانوں کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔