جنوبی افریقانے چوتھے ون ڈے میں پاکستان کوہرا کرسیریزجیت لی

ویب ڈیسک  جمعـء 8 نومبر 2013

ابوظہبی: جنوبی افریقا نے پاکستان کو چوتھے ایک روزہ میچ میں 28 رنز سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز بھی اپنے نام کر لی ہے۔

ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سیریز کے اہم میچ میں جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیل اسٹین نے تباہ کن بالنگ کراتے ہوئے 5کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ پاکستانی نژاد عمران طاہر، ریان میکلیرن اور لونویبو ٹوٹوبے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن حسب معمول ناکام رہی اور پوری ٹیم پچاسویں اوورمیں 238رنز بنا کر آوٹ ہوگئی، کپتان مصباح الحق نے سب سے زیادہ 65 جبکہ ون ڈے ڈیبیو کرنے والے صہیب مقصود نے 56 رنز اسکور کئے، احمد شہزاد نے 43، محمد حفیظ نے 33 اور عمراکمل نے 22 رنز اسکور کئے۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے، پروٹیز اوپنرز نے اپنی ٹیم کو بہتر آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 87 رنز جوڑے، مہمان ٹیم کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہاشم آملہ تھے انہوں نے 50 گیندوں پر 46 رنز کی اننگر کھیلی ، جنوبی افریقا کی دوسری وکٹ 129 رنز پر اس وقت گری جب فاف ڈوپلیسی 10 رنز بنانے کے بعد محمد عرفان کا شکار بنے۔ مہمان ٹیم کی تیسری وکٹ 198، چوتھی 210 اور پانچویں 214 رنز پر گری۔ اوپنر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک نے تیسرے اوور میں محمد حفیظ کی جانب سے کیچ ڈراپ کرنے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور 112 رنز کی اننگ کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور جنید خان نے 2،2 جب کہ محمد عرفان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین کو شانار باولنگ کرانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ ہارنے کے بعد پاکستان کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ڈیل اسٹین نے آخری اوورز میں شاندار باولنگ کرا کے میچ کا نقشہ بدل دیا جبکہ ڈیبیو کرنے والے صہیب مقصود نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، آخری میچ جیت کر سیریز کا اچھا اختتام کرنے کو کوشش کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔