نادرا نے بھارت،چین اوربرطانیہ کی موجودگی میں سری لنکن شناختی کارڈ بنانے کا پروجیکٹ حاصل کرلیا

ویب ڈیسک  جمعـء 8 نومبر 2013
پروجیکٹ حاصل کرنے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کو مبارکباد پیش کی ہے، فوٹو: فائل

پروجیکٹ حاصل کرنے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کو مبارکباد پیش کی ہے، فوٹو: فائل

اسلام آ باد: پاکستان کے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بھارت، چین اوربرطانیہ کی موجودگی میں  سری لنکا کے شہریوں کے شناختی کارڈ بنانے کا پروجیکٹ حاصل کرلیا۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نادرا نے سری لنکا کے شہریوں کا شناختی کارڈ بنانے کا پروجیکٹ ملائیشیا، برطانیہ، بھارت، چین اور فرانس کی آئی ٹی فرمز کی موجودگی کے باوجو حاصل کرلیا، سری لنکا کے شہریوں کا شناختی کارڈ بنانے کا پروجیکٹ حاصل کرنے کے لئے ملائیشیا، چین ، بر طانیہ، فرانس اور بھارت کی آئی ٹی فرموں کے ماہرین نے حصہ لیا تاہم سری لنکن حکام کی جانب سے پاکستانی ادارے کے ماہرین کی کارکردگی اور صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ پروجیکٹ نادرا کے حوالے کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھاکہ نادرا پہلے مرحلے میں 15 ملین پیپرز پر مشتمل سری لنکن شناختی کارڈ کی الیکڑانک سول رجسٹری 9 مہینے میں مکمل کرے گا۔

دوسری جانب سری لنکا کے شہریوں کے شناختی کارڈ بنانے کا پروجیکٹ حاصل کرنے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کو مبارکباد پیش کی ہے۔

واضح رہے کہ نادرا اس سے قبل نائیجیریا کے قومی شناختی کارڈمینجمنٹ کمیشن کواسمارٹ قومی شناختی کارڈ فراہم کرنے کا نظام بھی متعارف کراچکا ہے، جس کے بعد نادرا نائیجیریا کے شہریوں کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز بھی کرچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔