بیوی نے بے وفا شوہر 2,600 روپے میں بیچ دیا!

ویب ڈیسک  جمعرات 9 جنوری 2020
عورت نے اپنے شوہر کے 3100 روپے مانگے لیکن سودا 2600 میں طے ہوا۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

عورت نے اپنے شوہر کے 3100 روپے مانگے لیکن سودا 2600 میں طے ہوا۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

نیروبی: چند روز پہلے کینیا کی ایک رہائشی خاتون نے اپنے دھوکے باز شوہر کو اسی کی گرل فرینڈ کے ہاتھوں صرف 17 امریکی ڈالر جتنی معمولی رقم کے عوض فروخت کردیا۔ جو پاکستانی روپوں میں صرف 2600 روپے بنتی ہے۔

ویب سائٹ ’’اوڈیٹی سینٹرل‘‘ کے مطابق، کینیا کی رہائشی خاتون ایڈنا مکوانا کو اپنے شوہر پر شک تھا کہ اس کی کوئی گرل فرینڈ ہے۔ وہ مسلسل اس کی تاک میں رہنے لگی اور ایک روز اس نے اپنے شوہر کو اس کی گرل فرینڈ کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

پہلے تو اس نے اپنے شوہر کو مار پیٹ کر گھر سے نکال باہر کیا اور کہا کہ وہ ایک ہفتے تک اسے اپنی شکل نہ دکھائے۔ پھر وہ اپنے شوہر کی گرل فرینڈ کی طرف متوجہ ہوئی اور اس سے کہا کہ وہ 2000 کینیئن شلنگ (20 امریکی ڈالر، یا 3100 پاکستانی روپے) دے کر اپنا بوائے فرینڈ ہمیشہ کےلیے خرید سکتی ہے۔

حیرت انگیز طور پر، گرل فرینڈ نے بھاؤ تاؤ شروع کردیا اور بالآخر یہ سودا 1700 کینیون شلنگ (17 امریکی ڈالر، یعنی 2600 پاکستانی روپے) میں طے پاگیا۔

اس رقم سے ایڈنا مکوانا نے اپنے بچوں کےلیے نئے سال پر نئے کپڑے خرید لیے اور اب وہ اپنے شوہر کے بغیر ایک مطمئن زندگی گزار رہی ہے۔

جب سوشل میڈیا پر (فرانسیسی زبان میں) اس کا قصہ شائع ہوا تو ایک صارف نے سوال کیا کہ کیا وہ اپنے شوہر کو دوبارہ خریدنا چاہیں گی؟ تو جواب میں ایڈنا نے کہا: ’’مجھے اپنا نیا سال برباد کرنے کا کوئی شوق نہیں!‘‘

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔