آسٹریلیا میں بھیڑوں کو جنگل کی آگ سے بچانے والا کتا ’ہیرو‘ قرار

ویب ڈیسک  جمعرات 9 جنوری 2020
آسٹریلیا میں پیٹسی نامی کتے نے بھیڑوں کو بچا کر دنیا کو حیران کردیا (فوٹو: بورڈ پانڈا)

آسٹریلیا میں پیٹسی نامی کتے نے بھیڑوں کو بچا کر دنیا کو حیران کردیا (فوٹو: بورڈ پانڈا)

برسبین/پرتھ : آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی ہولناک آگ 50 کروڑ سے زائد جانوروں کو ہلاک کرچکی ہے تاہم اس دوران ایک کتے نے بھیڑوں کو بھڑکتی آگ سے بچانے کی کامیاب کوشش کی ہے جسے ہیرو قرار دیا گیا ہے۔

آسٹریلوی جنگلات میں گزشتہ سال ستمبر سے آگ بھڑکی ہوئی ہے اور دنیا بھر کے لوگ اسے بجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس تناظر میں چھ سال کے ایک کتے پیٹسی نے بھی دنیا کے دل جیت لیے جس نے بھیڑوں کے پورے ریوڑ کو آگ سےدور لے جاکر اسے جلنے سے بچالیا۔

پیٹسی نے دیکھا کہ اس کا مالک کھیت کے قریب آنے والے شعلوں کو بجھانے کی کوشش کررہا ہے۔ اس کے بعد کتے نے دیکھا کہ برابر والے کھیت میں بہت ساری بھیڑیں پریشان ہیں۔ آگ قریب آرہی ہے اور انہیں بچانے والا کوئی موجود نہیں۔

فوری طورپر فیصلہ کرتے ہوئے کتا جست لگا کر دوسرے کھیت میں داخل ہوا اور بھیڑوں کے گرد دائرے میں گھوم کر انہیں ہنکا کر ایک جانب دھکیلنے کی کوشش کی۔ اس طرح کتے نے تمام مویشیوں کو آگ سے دور کرکے ایک محفوظ جگہ تک پہنچادیا۔

اس کے بعد کتے نے مالک کو اس جانب متوجہ کیا اور دونوں نے مل کر نہ صرف بے زبان بھیڑوں کو بچالیا بلکہ جہاں وہ موجود تھیں اس کھیت کو بھی آگ سے دور رکھنے میں کامیاب ہوگئے یہاں تک کہ فارم ہاؤس میں موجود ایک چھوٹا گھر اور وہاں موجود اناج وغیرہ کو بھی بچالیا گیا۔

اس واقعے کے بعد لوگوں نے اس کتے کو ہیرو قرار دیا ہے جس نے جنگلی حیات کو بچانے میں اپنا بھرپور قرار ادا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔