پروٹیز نے ’’اسٹین گن‘‘ سے پاکستانی بیٹنگ اُڑادی

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 9 نومبر 2013

ابوظبی: پروٹیز نے ’’اسٹین گن‘‘ سے پاکستانی بیٹنگ اڑا دی، پیسر نے25 رنزکے عوض 5 شکار کیے۔

انھوں نے47ویں اوور میں3 وکٹیں لے کر پانسہ پلٹ دیا، گرین شرٹس267کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 238 پر ہمت ہار گئے،74رنز کے اوپننگ اسٹینڈ کا فائدہ نہ اٹھایا جا سکا،مصباح الحق اور صہیب مقصود کے درمیان 88رنز کی شراکت بھی میچ کا پانسہ نہ پلٹ سکی،کپتان نے 65رنز بناکر اہم موقع پر وکٹ کی قربانی پیش کردی، نوجوان بیٹسمین نے ڈیبیو پر پُراعتماد56رنز بناکر روشن مستقبل کی نوید سنائی، پاکستان نے آخری 5وکٹیں 10رنز کے سفر میں گنوائیں،28 رنز کی شکست کے سبب سیریز بھی ہاتھ سے نکل گئی۔ اس سے قبل کوئنٹن ڈی کک نے محمد حفیظ کی جانب سے ڈراپ کیچ کے تحفے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کیریئر کی اولین سنچری جڑ دی۔ تفصیلات کے مطابق ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان نے ففٹی14ویں اوور میں مکمل کی، ٹیم کو پہلا نقصان احمد شہزاد کی صورت میں74رنز پر اٹھانا پڑا،ڈی ویلیئرز کے شاندار تھرو نے انھیں بروقت کریز تک پہنچنے کا موقع نہ دیا،اوپنر نے 43 رنز بنائے، کچھ دیر بعدعمران طاہر کی گیند حفیظ کے بیٹ اور پیڈ کے درمیان سے گزرتی ہوئے بیلز اڑا گئی۔

اوپنر ایک بار پھر اچھے آغاز کو بڑے اسکور میں نہ بدل سکے اور33رنز پر رخصت ہو گئے،اسد شفیق (1)کچھ زیادہ ہی جلدی میں نظر آئے، انھوں نے سوٹسوبے کی اٹھتی گیند پر مورن مورکل کو کیچ تھما دیا، صہیب مقصود اور کپتان مصباح الحق نے ’’ریسکیو مہم‘‘ کا آغاز کیا،دونوں نے کئی دلکش اسٹروکس کھیلے، 88رنز کی شراکت میں ٹوٹل174تک پہنچا تھا کہ صہیب،اسٹین کی گیند پر اونچا اسٹروک کھیلنے کی کوشش میں ڈی ویلیئرز کو کیچ دے بیٹھے،انھوں نے ڈیبیو میچ میں 6 چوکوں اور 2 چھکوں سمیت 56 رنز بنائے، سہیل تنویر کو بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی راس نہ آئی، آل رائونڈر نے 4 گیندیں ضائع کرکے صرف ایک رن پر پیسر کو دوسری وکٹ حاصل کرنے کا موقع دیا، اس بار گیند ہاشم آملہ کے ہاتھوں میں گئی، پاکستان کو 11اوورز میں 86رنز درکار تھے۔

مصباح نے میکلرین کو ایک چوکا اور چھکا لگا کر نصف سنچری بھی مکمل کرلی، 24 گیندوں پر39 رنز درکار تھے کہ عمر اکمل (22) کئی گیندیں ضائع کرنے کے بعد چھکا لگانے کی کوشش میں بائونڈری پر مورکل کو کیچ دے بیٹھے، وکٹ اسٹین کے حصے میں آئی،2گیندوں بعد مصباح الحق( 65) نے مڈ وکٹ پر ڈی ویلیئرز کو کیچنگ پریکٹس کرائی،اسی اوور کی آخری گیند پر سعید اجمل بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوئے، شاہد آفریدی3 پر رن آئوٹ ہوئے، جنید خان کو میکلرین نے بولڈ کرکے پاکستان کی بساط 49.2اوور میں  238پر لپیٹ دی۔ڈیل اسٹین نے 25 رنز کے عوض5 وکٹیں لیں،سو ٹسوبے، میکلرین اور عمران طاہر کے حصے میں ایک ، ایک وکٹ آئی۔ اس سے قبل پاکستانی فیلڈرز نے ابتداء میں ہی پروٹیز اننگز کو استحکام بخشا، سہیل تنویر کی گیند پر کوئنٹن ڈی کک کا صرف 2 رنز پر آسان کیچ پہلی سلپ میں موجود حفیظ نے ڈراپ کر دیا، اسی اوور میں مصباح الحق کی تھرو وکٹوں پر نہ لگنے سے ہاشم آملہ رن آئوٹ ہونے سے بال بال بچ گئے، پاکستان کا پہلی وکٹ کیلیے انتظار 87 پر ختم ہوا، ہاشم آملہ رن چرانے کی کوشش میں محمد حفیظ کی سیدھی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

شاہد آفریدی نے نئے بیٹسمین فاف ڈوپلیسی کیخلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل مسترد ہونے پرجلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتان مصباح الحق کے مشورے کا بھی انتظار نہ کیا تاہم ریویو میں ناکامی ہوئی، ڈوپلیسی 10 پر ہمت ہار گئے، محمد عرفان کی گیند پر کور میں سعید اجمل نے کیچ تھاما، ڈی ویلیئرز کو 11رنز پر آئوٹ کرنے کا موقع احمد شہزاد نے گنوایا، گیند تھرو سے پہلے ہی ان کے ہاتھوں سے پھسل گئی، سعید اجمل کی غفلت سے ایسا ہی موقع پانے والے ڈی کک نے اگلے اوور میں محمد حفیظ کو چھکا جڑ کر کیریئر کی اولین سنچری مکمل کر لی، ڈی ویلیئرز (30) نے جنید خان کی بولنگ پر گیند کور میں محمد حفیظ کی طرف اچھال کر اپنی اننگز کا اختتام کیا، پیسر نے ہی ڈی کوک سے چھٹکارا دلانے کیلیے مصباح الحق کا سہارا لیا، نوجوان بیٹسمین 112 رنز بنا کر پویلین لوٹے، محمد حفیظ نے 5 پر ڈیوڈ ملر کو ایل بی ڈبلیو کیا، ریویو بھی امپائر کا فیصلہ تبدیل نہ کروا سکا، ریان میکلرین (28) اور پال ڈومینی (25) کے آخری 3 اوورز میں لاٹھی چارج نے ٹیم کا مجموعہ 5 وکٹ پر 266 تک پہنچادیا، محمد حفیظ اور جنید خان2،2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔