پنجاب میں جدید بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کا قیام، وفاق نے ڈاکٹر طاہر شمسی کی خدمات حاصل کرلیں

طفیل احمد  اتوار 12 جنوری 2020
انسٹیٹیوٹ ڈگری ایوارڈنگ ہوگا، انسٹیٹیوٹ کے سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کراچی میں ڈاکٹرطاہرشمسی سے خصوصی ملاقات۔ فوٹو: فائل

انسٹیٹیوٹ ڈگری ایوارڈنگ ہوگا، انسٹیٹیوٹ کے سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کراچی میں ڈاکٹرطاہرشمسی سے خصوصی ملاقات۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پنجاب میں اسٹیٹ آف دی آرٹ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹرکے قیام کے لیے کراچی کے ماہرامراض خون ڈاکٹرطاہرشمسی کی خدمات لینے کیلیے ان کا انتخاب کرلیا ہے اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارنے ہفتے کواس سلسلے میں کراچی کا دورہ کرکے ڈاکٹرطاہرشمسی سے خصوصی ملاقات کی۔

تحریک انصاف کی حکومت نے حالیہ اقدام کا فیصلہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مرض کی کامیاب تشخیص اورپلیٹ لیٹس کی کمی کاکامیاب علاج کے بعدکیا ہے،معلوم ہواہے کہ حکومت نے سرکاری سطح پرخون کے کینسر اورپلیٹ لیٹس کی کمی جیسے حساس اورپیچیدہ نوعیت کی بیماری کی تشخیص اورعلاج کیلیے چاروں صوبوں میں سرکاری سطح پربون میروٹرانسپلانٹ مراکزقائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب میں اسٹیٹ آف دی آرٹ بون میروٹرانسپلانٹ سینٹرقائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی سمری صوبہ پنجاب کی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے وزیراعلی پنجاب کوارسال کی ہے جسے منظورکرلیا گیا ہے، تحریک انصاف حکومت نے پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب میں پنجاب انسٹیٹوٹ آف بون میروٹرانسپلانٹ سینٹرقائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دریں اثنا وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ہفتے کوکراچی پہنچے جہاں انھوں نے پنجاب ہاؤس میں ڈاکٹر طاہر شمسی سے 2 گھنٹے ملاقات کی جس میں انھیں بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان صوبہ پنجاب میں پنجاب انسٹیٹوٹ آف بون میروٹرانسپلانٹ سینٹر قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ پنجاب میں خون کی بیماریوں بالخصوص خون کے کینسر کے مرض پر قابوپایاجاسکے۔

مجوزہ انسٹیٹوٹ میں خون کی بیماریوں سے متعلق امراض میں پوسٹ گریجویشن کرنے کی سہولت بھی ہوگی اور پنجاب کا پہلا ڈگری ایوارڈ انسٹیٹوٹ ہوگا جس میں 3 اور 5سالہ ڈگری پوسٹ گریجویشن کورس کرایا جائے گا، معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے اس منصوبے کیلیے 6 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

انسٹیٹوٹ میں500بسترمختص کیے جائیں گے جہاں خون کے ہر اقسام کے کینسر اورپلیٹ لیٹس کم ہونے کی بیماریوں کے حوالے سے علاج بھی کیاجائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ انسٹیٹوٹ کا سنگ بنیاد وزیراعظم پاکستان عمران خان آئندہ ماہ لاہور میں رکھیں گے، ہفتے کو وزیر اعلی پنجاب سے کی جانے والی ملاقات میں ڈاکٹر طاہر شمسی کو بتایاگیا کہ مجوزہ پنجاب انسٹٰیٹوٹ آف بون میرو ٹرانسپلانٹ کا نام منتخب کرلیاگیا ہے،یہ انسٹی ٹیوٹ خود مختارادارہ ہوگا جو پنجاب حکومت کے فنڈز سے چلا جائے گا، جس کے بعد صوبہ پنجاب کا پہلا خون کی بیماریوںکا انسٹیٹوٹ اوربون میروٹرانسپلانٹ ہوگا جو ڈگری ایوارڈ بھی کریگا، وزیر اعلی پنجاب نے انسٹیٹوٹ کی سمری منظور کرلی ہے، اوررواں مالی سال میں اس پر کام شروع ہوجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔