بھارتی فوج کا اہلکار برفانی علاقے میں پھسلتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل

ویب ڈیسک  منگل 14 جنوری 2020
حوالدار راجیندر کے اہل خانہ نے اپنی حکومت سے اہلکار کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ کیا ہے (فوٹو : فائل)

حوالدار راجیندر کے اہل خانہ نے اپنی حکومت سے اہلکار کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ کیا ہے (فوٹو : فائل)

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں لاپتا ہوجانے والے بھارتی فوج کے اہل کار کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ حادثاتی طور پر برفانی چٹان سے نیچے کی طرف پھسلتے ہوئے پاکستان کی سرحد میں داخل ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں تعینات رواں ماہ کے اوائل سے لاپتا بھارتی فوجی کا ایک اہلکار مبینہ طور پر برفانی چٹان سے پھسل کر نیچے گرتا چلا گیا یہاں تک کہ وہ پاکستانی حدود میں داخل ہوگیا اور تاحال اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

حوالدار راجیندر رواں ماہ کے پہلے ہفتے کو لاپتا ہوگیا تھا، گمشدگی سے متعلق اس کے اہل خانہ کو 8 جنوری کو آگاہ کیا گیا، تمام تر کاوشوں کے باوجود اہلکار کا کچھ  پتا نہیں چل سکا جس کے بعد اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ اہلکار پاکستانی حدود میں داخل ہوگیا ہے۔

بھارتی فوجی کے اہل خانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مودی سرکار سے حوالدار راجیندر سنگھ کی پاکستان سے بحفاظت واپسی کے لیے فوری طور پر اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کی حکومت کی جانب سے تاحال کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔