92 ویں آسکر کی نامزدگیوں کا اعلان، فلم ’جوکر‘ 11 کیٹگریز میں نامزد

ویب ڈیسک  پير 13 جنوری 2020
 92ویں آسکر ایوارڈ کی تقریب رواں سال 9 فروری کو منعقد ہوگی۔ فوٹو: فائل

92ویں آسکر ایوارڈ کی تقریب رواں سال 9 فروری کو منعقد ہوگی۔ فوٹو: فائل

لاس انجلس: ہالی ووڈ کے سب سے بڑے اکیڈمی ایوارڈز 2020ء کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا جس میں فلم ’’جوکر‘‘ کو 11 کیٹگریز میں نامزد کیا گیا ہے۔

آسکر کے نام سے مشہور دی اکیڈمی ایوارڈ ہالی ووڈ میں بہترین کارکردگی پر دیا جاتا ہے جسے سب سے بڑا ایوارڈ بھی سمجھا جاتا ہے۔ 1929ء سے شروع ہونے والا آسکر ایوارڈ کا میلہ 92ویں سال بھی سجنے جارہا ہے۔ 92 ویں ایوارڈ کی تقریب 9 فروری کو منعقد ہوگی جس میں ہالی ووڈ کے چمکتے دمکتے ستاروں کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

ایوارڈ کی تقریب سے قبل مختلف کیٹیگریز میں شامل فلموں اور فنکاروں کے نام نامزد کیے جاتے ہیں اور ہر سال کی طرح اس سال کی نامزدگیوں کی فہرست بھی سامنے آگئی ہے جس میں فلم ’جوکر‘ نے 11 مختلف کیٹیگری میں جگہ بنا کر اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

بہترین فلم کی کیٹیگری میں فلم فورڈ وی فراری، دی آئرش مین، جوجو ریبٹ، جوکر، لیٹل وومن، ونس اپون آ ٹائم ان ہالی ووڈ، میرج اسٹوری، پیرا سائٹ اور فلم 1917ء شامل ہیں۔

بہترین اداکار کے لیے ایتونیو بیندراس کو فلم پین اینڈ گلوری، لیونارڈو دی کیپریو کو فلم ونس اپون آ ٹائم ان ہالی ووڈ، ایڈم ڈرائیور کو فلم میرج اسٹوری، جوکوئن فونکیس کو فلم جوکر جب کہ جوناتھن پرائس کو فلم دی ٹو پاپس کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

بہترین اداکارہ کی فہرست میں سینتھیا ایریوو کو فلم ہیریٹ، اداکارہ اسکارلیٹ  جوہانسن کو فلم میریج اسٹوری، اداکارہ  سرشا رونن کو فلم لیٹ وومن، اداکارہ رینی زیلویگر کو فلم جیوڑی جب کہ اداکارہ چارلز تھرون کو فلم بمب شیل میں نامزد کیا گیا ہے۔

اینی میٹڈ فیچر فلم کی کیٹیگری کے لیے ہاؤ ٹو ٹرین یور ڈریگن، آئی لوسٹ مائے باڈی، کلاؤس، مسنگ لنک اور فلم ٹوائے اسٹوری فور کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔