ایران نے یوکرین طیارہ حادثے میں ملوث افراد کو گرفتار کرلیا

ویب ڈیسک  منگل 14 جنوری 2020
تفتیش کے بعد واقعے میں ملوث چند افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ایرانی عدالتی ترجمان

تفتیش کے بعد واقعے میں ملوث چند افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ایرانی عدالتی ترجمان

تہران: امریکا سے کشیدگی کے دوران غلطی سے مار گرائے جانے والے یوکرین طیارہ حادثے میں ملوث افراد کو ایرانی حکومت نے گرفتار کرلیا ہے۔

ایرانی عدالت کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین طیارہ مار گرائے جانے کے بعد حادثے کی جگہ پر تفتیش کا آغاز کیا گیا، عدالتی ٹیموں نے جگہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکھٹے کیے، تفتیش کے نتیجے میں واقعے میں ملوث چند افراد کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم کتنے افراد کی گرفتاری عمل میں آئی اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

اس سے قبل ایرانی صدر حسن روحانی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو سزا دی جائے گی، ہمارے لوگوں کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ اس واقعہ میں جس کی کوتاہی ہے اس کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ایران کے دارالحکومت تہران کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر یوکرین کا بوئنگ 737 مسافر طیارہ ٹیک آف کے چند منٹ بعد ہی گرکر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

واقعہ کے بعد امریکا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی حدود میں پراسرار انداز سے گر کر تباہ ہونے والا یوکرین ایئرلائن کا مسافر بردار طیارہ خود ایران کے میزائل کا نشانہ بنا، ایران نے ابتدائی طور پر امریکی دعویٰ مسترد کیا تاہم بعد میں مسافر طیارہ غیردانستہ طور پر نشانہ بنانے کا اعتراف کرلیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔