کراچی میں منگل کو درجہ حرارت 7.5 ریکارڈ، چند دن میں 6 ڈگری ہونے کا امکان

اسٹاف رپورٹر  منگل 14 جنوری 2020
شہر میں سردی کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ترجمان محکمہ موسمیات (فوٹو: ایکسپریس/فائل)

شہر میں سردی کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ترجمان محکمہ موسمیات (فوٹو: ایکسپریس/فائل)

 کراچی: شہر قائد کا درجہ حرارت منگل کے روز کم سے کم 7.5 ڈگری ریکارڈ ہونے کے بعد جمعے اورہفتے کو شہر کا پارہ 6 ڈگری تک گرسکتا ہے۔

منگل کو شہر کا مطلع صاف رہا، صبح کے وقت درجہ حرارت گزشتہ چند دنوں کے مقابلے میں 5 ڈگری گرنے کے سبب سردی کی شدت محسوس کی گئی۔ دن کے وقت موسم قدرے معتدل رہا اور دوسرے روز بھی سائبیرین کوئٹہ کی شمال مشرقی ہوائیں متوازن رہیں جب کہ آج ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 18 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم پارہ 7.5 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23.3 ڈگری ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 87 اور شام کے وقت 23 فیصد رہا جب کہ آج کم سے کم پارہ 9 سے 11 جبکہ زیادہ سے زیادہ 21 سے 23 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات میٹرولوجسٹ انجم نذیر کے مطابق موجودہ سردی کی لہر کے سبب جمعہ ور ہفتہ کو شہر میں پارہ مزید گرسکتا ہے، جس کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شہر کا سابقہ ریکارڈ جنوری 1934ء میں صفر ڈگری، جنوری 1991ء میں 2.3 جبکہ جنوری 2008ء میں 5.5 ڈگری تھا، شہر میں سردی کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں یہ محض افواہیں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔