اوپن مارکیٹ میں گندم، آٹے کی تھوک قیمتوں میں مزید اضافہ

احتشام مفتی  بدھ 15 جنوری 2020
سندھ کی ضروریات پوری کرنے کیلیے پنجاب سے خریدی گئی گندم نہ پہنچ سکی
 فوٹو: فائل

سندھ کی ضروریات پوری کرنے کیلیے پنجاب سے خریدی گئی گندم نہ پہنچ سکی فوٹو: فائل

کراچی:  سندھ کے سرکاری گوداموں سے فلورملوں کو مبینہ طورپرگندم کی عدم فراہمی کے باعث اوپن مارکیٹ میں گندم، آٹے کی تھوک قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیاہے۔

مارکیٹ ذرائع نے ایکسپریس کوبتایاکہ اوپن مارکیٹ میں فی کلوگرام گندم کی تھوک قیمت 5 روپے کے اضافے سے 62 روپے ہو گئی۔ ڈھائی نمبر آٹے کی فی کلوگرام تھوک قیمت 4 روپے کے اضافے سے 57 روپے ہو گئی۔

فائن آٹے کی فی کلوگرام تھوک قیمت 4 روپے کے اضافے سے 59 روپے ہوگئی جبکہ میدہ اور سوجی کی فی کلوگرام قیمتوں میں بھی چار، چار روپے کا اضافہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں فی کلوگرام میدے کی قیمت بڑھ کر 59 روپے اور فی کلوگرام سوجی کی قیمت بڑھ کر 59 روپے ہو گئی۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے ذرائع نے بتایا کہ سندھ کی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے پنجاب سے خریدی گئی گندم اب تک سندھ نہیں پہنچ سکی ہے جس کی وجہ سے سندھ کی 70 فیصد فلور ملوں کی پیداوارکا انحصار اوپن مارکیٹ کی گندم پر منحصر ہو گئی ہے۔

دوسری جانب خوردہ سطح پر ڈھائی نمبر آٹا 10روپے کے اضافے سے62 روپے فی کلوگرام اور فائن آٹا بھی 10 روپے کے اضافے سے 65 روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔