ترقیاتی منصوبوں کیلیے2ماہ میں32ارب90 کروڑ روپے جاری

خصوصی رپورٹر  منگل 4 ستمبر 2012
انفرااسٹرکچرپراجیکٹس16.1ارب اورسوشل سیکٹر کے منصوبوں کیلیے15.4 ارب ریلیز.  فوٹو : فائل

انفرااسٹرکچرپراجیکٹس16.1ارب اورسوشل سیکٹر کے منصوبوں کیلیے15.4 ارب ریلیز. فوٹو : فائل

اسلام آ باد: وفاقی حکومت نے رواں مالی سال 2012-13 کے پہلے 2 ماہ ( جولائی تا اگست) کے دوران پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام(پی ایس ڈی پی)کے تحت ترقیاتی منصوبوں کیلیے مجموعی طور پر 32 ارب 90 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے۔

منصوبہ بندی کمیشن کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے رواں مالی سال پی ایس ڈی پی کے تحت2924.8 ارب روپے مالیت کے 1074 ترقیاتی منصوبوں کیلیے 260 ارب روپے مختص کیے گئے، اس کے علاوہ 100 ارب روپے غیرملکی امداد سے حاصل ہونگے،اس طرح پی ایس ڈی پی کی مد میں مجموعی طور پر 360 ارب روپے مختص کیے گئے۔

اعداوشمار کے مطابق منصوبہ بندی کمیشن نے مقامی وسائل سے مختص کردہ 260ارب روپے میں سے 31 اگست 2012 تک 32 ارب 90کروڑ روپے جاری کیے، پی ایس ڈی پی کے تحت انفرااسٹرکچر سیکٹر کے 2340.4ارب روپے مالیت کے 342 ترقیاتی منصوبوں کیلیے 200.9 ارب روپے مختص کیے گئے جن میں سے اب تک16ارب 10کروڑ روپے جاری کر دیے گئے،

وفاقی پی ایس ڈی پی میں سوشل سیکٹر کے 543.7ارب روپے مالیت کے 665 ترقیاتی منصوبوں کیلیے 146.1ارب روپے مختص اور 31 اگست تک 15 ارب 40کروڑ روپے جاری کیے گئے، علاوہ ازیں وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت 68متفرق ترقیاتی منصوبوں کیلیے 3 ارب روپے مختص اور ان میں سے ابھی تک 50 کروڑ روپے جاری کیے جاچکے ہیں جبکہ ایرا کیلیے مختص کردہ 10ارب روپے میں سے 80 کروڑ ریلیزکیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔