یا اللہ! ہمارے گناہوں کا میل دھو دے، ہم سے راضی ہوجا، رائے ونڈ اجتماع کا دعا پر اختتام

دنیا اور آخرت کی کامیابی کیلیے اس روشنی میں ہی چلنا چاہیے ،حاجی عبدالوہاب کا خطاب۔ فوٹو: فائل

دنیا اور آخرت کی کامیابی کیلیے اس روشنی میں ہی چلنا چاہیے ،حاجی عبدالوہاب کا خطاب۔ فوٹو: فائل

لاہور: رائے ونڈتبلیغی اجتماع کادوسرا اورآخری مرحلہ بھی مولانا زبیرالحسن کی دعا کے ساتھ اختتام پذیرہوگیا، 8لاکھ سے زائد افراد نے گڑگڑا کر دعا مانگی کہ یااللہ مسلمانوں کی حالت پر رحم فرما، غیروں کی چالوں سے محفوظ کر دے۔

پاکستان سے لادینیت ختم کردے، اے اللہ تو ہمارا بن جا اور ہمیں اپنا بنا لے، ہمارے دل اپنی کتاب کے نور سے منور کردے اور ہماری زبان پر اس کو جاری کردے اور اس کی برکت سے ہمارے دلوں کی تنگی دور کردے، ہمارے سینوں کو کھول دے، گناہوں کا میل دھو دے۔

قبل ازیں امیر تبلیغی جماعت حاجی عبدالوہاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا اندھیری کھائی ہے، اس سے بچنے کیلیے دین حق کا راستہ اپنانا ہو گا، دنیا اور آخرت کی کامیابی کیلیے اس روشنی میں ہی چلنا چاہیے ،آج ہم غیروں کے ہاتھوں جو ذلیل ہو رہے ہیں اس کی سب سے بڑی وجہ دین محمدی  سے دوری ہے، ہمیں اپنی زندگیوں کو سنت نبوی کے مطا بق ڈھالنا چاہیے اور اﷲکے احکام کی پابندی کرنی چاہیے تاکہ انسان زندگی کے سب سے بڑے خسارے سے بچ سکے، اجتماع کے اختتام پر ہزاروں جماعتیں تبلیغ کیلئے دنیا بھر میں پھیل گئیں، لاکھوں افراد نے اپنا وقت دین اسلام کیلیے وقف کرنے کا اعلان کیا۔ اجتماع کے اختتام پر بدنظمی دیکھنے میں آئی، پولیس اہلکار ٹریفک کنٹرول کرنے میں ناکام رہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔