اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نے بھی عوام کو مایوس کیا، مولانا فضل الرحمان

ویب ڈیسک  جمعرات 16 جنوری 2020
اپوزیشن کا انتشار ناجائزحکومت کے استحکام کا سبب بن سکتا ہے، سربراہ جے یو آئی۔ فوٹو:فائل

اپوزیشن کا انتشار ناجائزحکومت کے استحکام کا سبب بن سکتا ہے، سربراہ جے یو آئی۔ فوٹو:فائل

 راولپنڈی: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی بڑی سیاسی جماعتوں کے حالیہ اقدام سے مایوسی  پیدا ہوئی۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں ناجائز اور نااہل حکومت ملک پر مسلط ہے، عام آدمی مہنگائی کے ہاتھوں کرب کا شکار ہے اور بے روزگاری سے تنگ عوام بچے بیچنے اور خود کشی کرنے پر مجبور ہیں، مالیاتی ادارے بیٹھ گئے ہیں اور دوسری جانب اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نے بھی عوام کو مایوس کیا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جسے ہم اپوزیشن کہتے تھے بظاہر وہ اب حکومت کاحصہ نظر آرہی ہے، توقع تھی بڑی سیاسی جماعتیں قوم کو بحران سے نکالیں گی لیکن بڑی سیاسی جماعتوں کے حالیہ اقدام سے مایوسی پیدا ہوئی، موجود سیاسی ماحول سے ہیجان اور ناراضیاں پیدا ہوئیں، آرمی چیف کی توسیع کے معاملے پر حزب اختلاف کا حکومت کا ساتھ دینے سے نقصان ہوا، اپوزیشن کا انتشار ناجائز حکومت کے استحکام کا سبب بن سکتا ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ آزادی مارچ کےآفٹر شاکس اب نظر آرہے ہیں، ہم اپنے مؤقف پر کھڑے ہیں اور اس کے ساتھ آگے بڑھیں گے،  تبدیلی شروع ہوچکی تھوڑے عرصے میں بڑی تبدیلیاں نظرآئیں گی، عوامی طاقت کے ذریعے اس حکومت سے نجات حاصل کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔