کامیڈین امان اللہ کی بیٹی نے والد کے انتقال سے متعلق خبروں کی تردید کردی

ویب ڈیسک  جمعرات 16 جنوری 2020
کامیڈین امان اللہ کو کچھ روز قبل نمونیا اور دمہ کے اٹیک کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا (فوٹو: فائل)

کامیڈین امان اللہ کو کچھ روز قبل نمونیا اور دمہ کے اٹیک کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا (فوٹو: فائل)

 کراچی: معروف کامیڈین امان اللہ کی بیٹی نے والد کے انتقال کی خبروں کی تردید کردی۔

پاکستانی اسٹیج کے کامیڈین کنگ امان اللہ کو چند ماہ قبل دل کا دورہ پڑنے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا جنہیں نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا تھا بعد ازاں طبیعت سنبھلنے کے بعد انہیں گھر منتقل کردیا گیا تھا لیکن انہیں کچھ وقت بعد ہی ایک بار پھر نمونیا اور دمہ کے اٹیک کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

کامیڈین کی طبیعت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش تھیں کہ چند ماہ سے اسپتال میں زیر علاج امان اللہ انتقال کرگئے تاہم اُن کی بیٹی نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اُن کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے۔

زرغون نے یہ بھی کہا کہ والد امان اللہ صاحب کو سانس کی دشواری کا مسٔلہ ہے جس کی وجہ سے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا جاتا ہے جو کہ یہ اُن کے علاج کا حصہ ہے لیکن آپ سب کی دعاؤں سے وہ پہلے سے بہتر ہیں، جب کہ ڈاکٹروں کا بھی اس حوالے سے یہی کہنا ہے کہ انہیں ایک دو دن میں انتہائی نگہداشت وارڈ سے روم میں شفٹ کردیا جائے گا، ساتھ ہی انہوں نے سب سے دعاؤں کی درخواست کی۔

یہ پڑھیں: کامیڈین امان اللہ خان طبیعت بگڑنے پر اسپتال میں داخل

واضح رہے کہ کامیڈین امان اللہ کے انتقال کی جھوٹی خبریں پھیلانے کا معاملہ پہلی بار دیکھنے میں نہیں آیا۔ اس سے قبل ازیں لیجنڈ اداکارہ مرحومہ ذہین طاہرہ اور مرحوم عابد علی کے انتقال سے قبل ہی اُن کے اللہ کو پیارے ہونے کی جھوٹی خبریں سامنے آئیں تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔