امریکا دنیا میں لاکھوں افراد کے قتل کا ذمہ دار ہے لیکن تسلیم نہیں کرتا، خامنہ ای

ویب ڈیسک  جمعـء 17 جنوری 2020
جنرل سلیمانی کے قتل نے امریکا کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا، خامنہ ای فوٹوفائل

جنرل سلیمانی کے قتل نے امریکا کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا، خامنہ ای فوٹوفائل

تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ جنرل سلیمانی کے قتل نے امریکا کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا۔

آیت اللہ خامنہ ای نے تہران میں نماز جمعہ سے قبل خطاب میں کہا گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہونے والے واقعات سے سبق سیکھنا ہوگا، جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد ایرانی قوم متحد ہو کر سڑکوں پر نکلی، ہر ایرانی نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد یکجا ہو کر مغربی دنیا کو پیغام دیا۔

خامنہ ای نے کہا ایران کی طرف سے امریکی فوجی اڈوں پر حملہ تاریخی دن تھا، امریکا نے ایران، عراق اور افغانستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو قتل کیا، امریکا دنیا میں لاکھوں افراد کے قتل کا ذمہ دار ہے لیکن مانتا نہیں، جنرل سلیمانی کے قتل نے امریکا کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا، ہمیں جنرل سلیمانی کو ایک ہیرو کے طور پر نہیں بلکہ ایک نظریہ کے طور پر دیکھنا ہوگا جس پر ہم عمل کر سکیں۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہمیں متحد ہو کر امریکا کا مقابلہ کرنا ہے، یوکرائن کا طیارہ حادثہ ایک تلخ حادثہ تھا، غیر ملکی میڈیا نے یوکرائن کے طیارہ حادثہ کو جنرل سلیمانی کا قتل بھلانے کیلئے استعمال کیا، ہم طیارہ حادثے پرغم زدہ ہیں لیکن ہمارے دشمن خوش ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر نے کہا طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہیں، پاسدران انقلاب کے ساتھ کھڑے رہیں گے، مغربی ممالک نے ایران پر پابندیاں لگانے کی دھمکیاں دی، ہمارے تیل کے ذخائر کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، مغربی حکومتیں امریکا کی کٹھ پتلی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔