بھولنے کے مرض نے خاتون کی جان لے لی، کچن موت کا کنواں بن گیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 19 جنوری 2020
متوفیہ کا شوہر اور بیٹی اوپری منزل پر تھے، دھماکے سے ان کی آنکھ کھلی ،شعلوں میں لپٹی خاتون بیڈ روم تک آئی، ایس ایچ او۔ فوٹو:فائل

متوفیہ کا شوہر اور بیٹی اوپری منزل پر تھے، دھماکے سے ان کی آنکھ کھلی ،شعلوں میں لپٹی خاتون بیڈ روم تک آئی، ایس ایچ او۔ فوٹو:فائل

کراچی: گلشن اقبال میں گھر کے کچن میں گیس بھرنے سے ہونے والے دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ضعیف العمر خاتون جھلس کر جاں بحق ہوگئی۔

گلشن اقبال بلاک 5 میں واقع گھر میں دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ضعیف العمر خاتون جھلس کر جاں بحق ہوگئی جبکہ آتشزدگی کے باعث بیڈ روم اور کچن جل کر خاکستر ہوگیا ،آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پاتے ہوئے گھر کو مکمل طور پرجلنے سے بچالیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او گلشن اقبال غلام نبی آفریدی نے بتایا کہ خاتون کی شناخت 70 سالہ پروین بی بی کے نام سے ہوئی ہے ، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ جس وقت گھر میں دھماکے سے آگ لگی متوفیہ کے علاوہ ان کے شوہر اور بیٹی اوپری منزل پر بھی موجود تھے اور ان کی آنکھ دھماکے سے کھلی جبکہ متوفیہ پروین بی بی نے اپنا کمرہ بچوں کے ہمراہ آنے والی بیٹی کو دیدیا تھا اور وہ خود گراؤنڈ فلور پر کچن سے ملحقہ کمرے میں سو رہی تھیں جبکہ انھیں بھولنے کی بھی عادت تھی جو اس واقعے کا پیش خیمہ بنی۔

غلام نبی آفریدی نے بتایا کہ پروین بی بی نے صبح اپنے لیے چائے بنائی اور گیس کا چولہا کھلا چھوڑ دیا جس کے بعد وہ دوباہ کچن میں گئیں تو گیس جمع ہونے کی وجہ سے جیسے ہی انھوں نے چولہا جلایا دھماکے سے آگ بھڑک گئی جس کے باعث ان کے کپڑوں میں بھی آگ لگ گئی اور وہ اپنی جان بچانے کے لیے بیڈ روم میں گئیں تو وہاں بھی آگ لگ تھی، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفیہ لاش ورثا کے حوالے کر دی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔