فوجی جوانوں کی شہادت پر کوئی دو رائے نہیں، لیاقت بلوچ

ویب ڈیسک  منگل 12 نومبر 2013
آئی ایس پی آر کو ایسا کوئی حق حاصل نہیں کہ وہ اس طرح کی پریس ریلیز جاری کرے اور کسی جماعت کے سربراہ کو اس طرح نوٹس بھیجے۔  فوٹو: ایکسپریس نیوز

آئی ایس پی آر کو ایسا کوئی حق حاصل نہیں کہ وہ اس طرح کی پریس ریلیز جاری کرے اور کسی جماعت کے سربراہ کو اس طرح نوٹس بھیجے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

لاہور: جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ فوجی جوانوں کی شہادت پر کوئی دو رائے نہیں لیکن فوج کے نقصانات کہ ذمہ دار وہ لوگ ہیں جنہوں نے غلط پالیسیاں ترتیب دیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ فوجی جوانوں کی شہادت پر کوئی دو رائے نہیں ہے لیکن یہ نوبت سابق صدر وآرمی چیف جنرل پرویز مشرف کی غلط پالیسیوں کے باعث پیش آئی ہے اور آج وہ خود اپنی ان غلط پالیسیوں کی وجہ سے مقدمات کا سامان کر رہے ہیں اور عوام کی نفرت جھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں اور فوج کے نقصانات کے وہ لوگ ذمہ دار ہیں جنہوں نے پاکستان کی بربادی کی پالیسیاں مرتب کی ہیں لہٰذا اب ان پالیسیوں کو تبدیل ہونا چاہئے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جمہوری حکومت کی کمزوریوں کے باعث ملک میں بار مارشل لا لگا ہے، بار بار اسٹیبلشمنٹ نے جمہوریت کی جڑیں اکھاڑی ہیں، جمہوری حکومت کی موجودگی میں آئی ایس پی آر کو کوئی اختیار نہیں کہ وہ سیاست میں مداخلت کرے اور نہ ہی ایسا کوئی حق حاصل نہیں کہ وہ اس طرح کی پریس ریلیز جاری کرے اور کسی جماعت کے سربراہ کو اس طرح نوٹس بھیجے تاہم اب اس رویے کو تبدیل ہونا چاہئے، آئی ایس پی آر اگر اپنے تحفظات کا اظہار وزارت دفاع کے ذریعے کرتی تو ہم جواب دیتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔